سندھ میں 50 میگاواٹ پاور پروجیکٹ کیلیے کویت سے مفاہمت

اسٹاف رپورٹر  منگل 23 جولائی 2019
دھابے جی اکنامک زون کیلیے50 میگا واٹ کا ونڈ/ سولر ہائبرڈ پاور پروجیکٹ لگایا جائے گا
فوٹو: فائل

دھابے جی اکنامک زون کیلیے50 میگا واٹ کا ونڈ/ سولر ہائبرڈ پاور پروجیکٹ لگایا جائے گا فوٹو: فائل

کراچی:  سندھ حکومت اور نیشنل کمپنی آف کویت کے درمیان سندھ میں پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم اویو) پر دستخط کردیے گئے۔

ایم او یو کے تحت کویتی کمپنی انر ٹیک ہولڈنگز’ویسٹ ٹو انرجی پروجیکٹس‘ میں سرمایہ کاری کرے گی۔ اس حوالے سے کراچی میں50 میگاواٹ پاور پروجیکٹ سے آغاز کیا جائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ صوبہ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی پاور پروجیکٹس لگائے جائیں گے اور باہمی رضامندی کے ساتھ مقامات کی نشاندہی کی جائے گی اور ان پر عملدرآمد کے حوالے سے اتفاق کیاگیا۔

دھابے جی اکنامک زون کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کے لیے50 میگاواٹ کا ونڈ/سولر ہائبرڈ پاور پروجیکٹ لگایا جائے گا۔ صوبہ سندھ میں پسماندہ اور دور دراز علاقوں/دیہات کے لیے آف گرڈ مائیکروگرڈ کی بھی باہمی طور پر نشاندہی کی جائے گی اور اس پر عمل درآمد کیاجائے گا، اس کے علاوہ کلین انرجی سے متعلق دیگر منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔ سندھ حکومت انرٹیک کمپنی کو منصوبوں کے لیے طویل المدتی لیز ایگریمنٹس کے تحت زمین فراہم کرنے کی پابند ہوگی۔

ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ ، صوبائی وزرا امتیازشیخ، سعید غنی اور مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ و دیگر افسران جبکہ کویت کے قونصل جنرل خالد عبداللہ الخلدی اورکویتی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسر عبداللہ المطہری اورانٹر ٹیک پاکستان/ ہیڈ آف ایمرجنگ مارکیٹس، انرٹیک کے چیف ایگزیکٹو افسر یاسر ملک نے شرکت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔