وٹامن بی۔۔۔نازک جلد کا محافظ

نسرین اختر  پير 16 ستمبر 2013
اس کی کمی کئی جلدی بیماریوں کو جنم دیتی ہے۔ فوٹو: فائل

اس کی کمی کئی جلدی بیماریوں کو جنم دیتی ہے۔ فوٹو: فائل

صحت مند جلد کے لیے اچھی غذا کا کردار سب سے اہم ہے۔

آپ کی غذا ایسی ہونی چاہیے کہ اس سے آپ کے جسم کے لیے ضروری غذائی اجزا حاصل ہو سکیں، جیسے پروٹین، کاربوہائیڈریٹس، روغنیات، انتہائی ضروری ایسڈز اور تمام لازمی وٹامنز اور منرلزوغیرہ شامل ہوں۔ ایسی غذا کثیر مقدار میں بیجوں، مغزیات، اناج، سبزیاں اور پھلوں پر مشتمل ہو گی۔ ساتھ ہی اس غذا میں خصوصی حفاظتی خوراک جیسے دودھ، سبزیوں سے بنے ہوئے آئلز، دہی، شہد اور خمیر والی غذائیں بھی ضروری ہے۔

آپ کی جلد غیر معمولی طورپر خشک اور بے رونق ہے، آپ کی جلد پر بلیک ہیڈز اور وائٹ ہیڈز ہیں تو یہ اس بات کی علامت ہو سکتی ہے کہ آپ وٹامن اے کی کمی کا شکار ہیں۔ آپ میں آئرن، آیوڈرین اور بی وٹامنز کی بھی کمی ہو سکتی ہے، مناسب مقدار میں پروٹین اور وٹامن سی کی بھی جلد کے لیے بہت اہمیت ہے۔

وٹامن  B2کی کمی سے جلد پر برائون یا سیاہی مائل دھبے ہوجاتے ہیں، یہ بد صورت دھبے عام طور پر کثیر مقدار میں وٹامن B2 کے استعمال سے دور ہو جاتے ہیں، رائبو فلیوین کی شدید کمی سے جلد اور بال چکنے ہو سکتے ہیں اور گالوں کی جلد کے نیچے پیشانی کی جلد کے نیچے اور کانوں کے پیچھے جلد کے نیچے چربی یا چکنائی کے چھوٹے چھوٹے ڈیپازٹز بن جاتے ہیں، رائبوفلیوین کی مزید کمی سے ناک کے نیچے اور آنکھوں اور منہ کے کناروں پر کریک پڑ سکتے ہیں اور زخم یا پھوڑے بن سکتے ہیں۔

وٹامنB6  کی کمی کے نتیجے میں ڈراماٹائٹس یا ایگزیما ہو سکتا ہے، نایاسین کی کمی سے ایگزیما کے قسم کی ایک بیماری برائون دھبوں کے ساتھ ہو سکتی ہے اور یہ زیادہ تر چہرے، بازوئوں اور ٹانگوں پر ہوتی ہے، بائیوٹین کی کمی سے بھی ایگزیما کے قسم کی بیماریاں ہو سکتی ہیں، ان بیماریوں کی علامات مکمل طورپر دور ہو جاتی ہے جب مذکورہ وٹامنز بہ کثرت اپنی غذا میں شامل کر لیے جاتے ہیں۔

وٹامن بی ہماری جلد کی چمک اور تن درستی برقرار رکھنے میں ایک حیات افزا کردار ادا کرتا ہے، اس حوالے سے خمیر والی غذائیں اہم ہیں، جس سے جِِلد صحت مند اور چمک دار ہوجاتی ہے۔ جن لوگوں کو ایگزیما کی شکایت ہے انہیں خمیر والی غذائیں زیادہ استعمال کرنا چاہئیں،  اگر ڈائیٹ دیگر تمام غذائی ضروریات کو پورا کرتی ہو تو عموماً ایگزیما ایک مہینے میں ٹھیک ہو جاتا ہے۔

انیمیا یا خون کی کمی پروٹین، آیوڈین، کیلشیم، نایاسین، وٹامنB6 فولک ایسڈ، کوبالٹ، کوپر اور آئرن کی کمی کے نتیجے میں ہوتی ہے، انیمیاکی صورت میں وٹامن بی، فولک ایسڈ اور وٹامن B12 سے بھرپور ڈائیٹ خاص طورسے بہت اہم ہے، صحت مند اور خوب صورت جلد برقرار رکھنے کے لیے بہت سی قدرتی چیزیں ہیں، جو مدد کر سکتی ہیں۔

صحت مند خون جلد میں چمک پیدا کرتاہے اور اسے خشک اور بے رونق ہونے سے بچاتا ہے، ریفائنڈ فوڈز جیسے سفید آٹا، چینی اور ان سے بنی ہوئی چیزیں چائے، کافی اور سوفٹ ڈرنکس توانائی کو ختم کر دیتے ہیں اور ان کی وجہ سے جلد پر جھریاں بھی نمودار ہونے لگتی ہیں۔ جلد بے رونق ہو جاتی ہے اور وقت سے پہلے جلد بوڑھی نظر آنے لگتی ہے۔

اگر ہم ان عناصر کی مدد سے اپنی جلد کی حفاظت کریں، جو صحت بخش غذائیت سے بھرپور ہیں تو ہم جلد پر بڑھتی عمر کے اثرات نمایاں ہونے سے روک سکتے ہیں، لہٰذا اچھی جلد کی کمٹمنٹ کریں اور اپنی غذا قدرتی غذائیت بخش عناصر سے بھرپور بنائیں، ہر موسم کی تمام سبزیاں اور پھل اپنی روز مرہ کی غذا میں ضرور شامل رکھیں، تمام اناج، مچھلی،انڈے، گوشت اور پنیر وغیرہ کا استعمال آپ کی غذا کو متوازن بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ان تمام چیزوں کے ساتھ ساتھ جلد کی اچھی طرح سے حفاظت بھی بہت ضروری ہے، اکثر ہماری جلد اوپر سے صاف نظر آتی ہے، لیکن حقیقت میں یہ اچھی طرح صاف نہیں ہوتی، مٹی اور گرد کے ذرات جلد کے مساموں میں چھپ جاتے ہیں اور پسینے اور چکنائی بنانے والے غدود کا منہ بند کر دیتے ہیں، جلد کی اچھی طرح صفائی نہ صرف تمام گرد وغبار صاف کرتی ہے، جو سارے دن کے دوران آپ کی جلد پر جمع ہو جاتی ہے، بلکہ چکنائی کے غدود کو بند کرنے سے بھی روکتی ہے۔

اچھی طرح سے جلد کی صفائی سے چہرہ تروتازہ رہتا ہے، جلد صاف شفاف اور صحت مند نظر آتی ہے اور صاف شفاف جلد ہی خواتین کی اصل خوب صورتی کی بنیاد ہوتی ہے، جس کے حصول کے لیے خواتین مختلف اقسام کی مصنوعات استعمال کرتی ہیں، اگر خواتین اپنی جلد کی صفائی کا خاص خیال رکھیں، اپنی خوراک کو متوازن اور قدرتی اجزا پر رکھیں تو کوئی وجہ نہیں کہ آپ کی جلد صحت مند اور خوب صورت نہ ہو۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔