ٹرمپ اور وزیراعظم کی ملاقات عالمی میڈیا میں بھی سر فہرست

ویب ڈیسک  منگل 23 جولائی 2019
بھارتی میڈیا ایک بار پھر پاکستان اور امریکا کے درمیان تناؤ کم ہونے پر آگ بگولا ہوگیا ہے۔ فوٹو : فائل

بھارتی میڈیا ایک بار پھر پاکستان اور امریکا کے درمیان تناؤ کم ہونے پر آگ بگولا ہوگیا ہے۔ فوٹو : فائل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی ملاقات عالمی میڈیا کی شہ سرخیوں میں سرفہرست رہی۔

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی شہ سرخی تھی کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں امریکی صدر نے پاکستان کے ساتھ افغان امن مذاکرات میں تیزی کے لیے معاونت کے وجہ سے پاکستان کے ساتھ تناؤ کم کرنے کی کوشش کی۔ اخبار کے مطابق گزشتہ سال ہی امریکی صدر نے پاکستان پر تنقید کے نشتر چلائے تھے لیکن گزشتہ روز پاکستانی وزیراعظم کو پوری شان و شوکت کے ساتھ خوش آمدید کہا۔ اخبار نے مزید تجزیہ کیا کہ ٹرمپ انتظامیہ کا ماننا ہے کہ پاکستان کی طرف سے دباؤ پر طالبان جنگ بندی پر آمادہ ہو سکتے ہیں۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے لکھا کہ امریکی صدر نے پاکستانی وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں افغان امن مذاکرات میں پاکستان کی کوشش کو سراہنے کے بجائے اپنی ہی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پہلے پاکستان نے افغانستان میں امن کے قیام کے لیے  مثبت قدم اس لیے نہیں اٹھائے کیونکہ ان کا پالا غلط امریکی صدر سے پڑا۔

برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف اور گارڈین نے بھی امریکی صدر اور پاکستانی وزیراعظم کی ملاقات پر رپورٹس شائع کیں جس پر بھارتی اخبارات ایک بار پھر پاکستان اور امریکا کے درمیان تناؤ کم ہونے پر آگ بگولا ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔