جنوبی کوریا کی روسی جنگی طیارے پر 300 سے زائد ’ وارننگ شوٹس‘

ویب ڈیسک  منگل 23 جولائی 2019
چین اور روسی طیاروں نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔ فوٹو : فائل

چین اور روسی طیاروں نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔ فوٹو : فائل

سیئول/ ماسکو / بیجنگ: جنوبی کوریا نے روس اور چین پر فضائی سرحد کی خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے روسی لڑاکا طیارے پر 300 سے زائد بار تنبیہاً غیر مضر شوٹنگ (Warning Shooting) کا دعویٰ کیا ہے۔  

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کی فضائیہ نے روسی جنگی طیارے کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر تنبیہ کے لیے 300 سے زائد بار (Warning Shots)  کیے اور روسی طیارے کو واپس جانے پر مجبور کردیا۔

جنوبی کوریا کے وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ  پہلے دو روسی اور 2 چینی لڑاکا طیارے کوریا ایئر ڈیفنس زون میں داخل ہوئے جس کے بعد ایک اور روسی طیارے نے دو مرتبہ ’ڈوکڈو‘ کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔

دوسری جانب روس کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ جنوبی کوریا کے جنگی طیارے نے لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو مرتبہ روسی طیارے کو کراس کیا جب کہ روسی طیارہ ڈوکڈو کے پانیوں پر ایک عالمی فضائی سرحد پر محو پرواز تھا۔

ادھر چین نے بھی جنوبی کوریا کے دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جزیرہ ڈوکڈو کوریا ایئر ڈیفنس کا حصہ نہیں بلکہ تمام ممالک ہی اس علاقے میں آزادانہ اور محفوظ پروازیں کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ جزیرہ ڈوکڈو پر اس وقت جنوبی کوریا کا کنٹرول ہے تاہم جاپان بھی اس کی ملکیت کا دعویدار ہے لہذا اس علاقے میں داخل ہونے والوں طیاروں کو جنوبی کوریا کی جانب سے رکاوٹوں کا سامنا رہتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔