اسد قیصر سے اخترمینگل کی ملاقات؛ بلوچستان پر خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے پراتفاق

ویب ڈیسک  منگل 23 جولائی 2019
کمیٹی کے ذریعے بلوچستان کے عوام کے احساس محرومی کا ازالہ کیا جائے، اختر مینگل،  فوٹو: فائل

کمیٹی کے ذریعے بلوچستان کے عوام کے احساس محرومی کا ازالہ کیا جائے، اختر مینگل، فوٹو: فائل

 اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور بی این پی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے پارلیمینٹ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کر لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر جان مینگل نے ملاقات کی جس میں بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل سمیت ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ہوسکتا ہے آنے والے دنوں میں حکومت کے ساتھ نہ رہیں، اختر مینگل

ملاقات میں سردار اختر مینگل نے بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے کمیٹی قائم کرنے کی تجویز دی جس پر اسپیکر قومی اسمبلی نے اتفاق کرتے ہوئے بلوچستان کی پسماندگی کا خاتمہ موجودہ حکومت کی اوالین ترجیح ہے اور مسائل کے خاتمے کے لیے قومی یکجہتی اور اتفاق رائے انتہائی ضروری ہے، ہم سب کو مل کر بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کرنا ہو گا، میں یقین دلا تاہوں کہ بلو چستان کے مسائل کو تر جیحی بنیا دوں پرحل کیا جائے گا اور موجودہ حکومت بلوچستان کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

اس موقع پر اختر مینگل کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کے ذریعے بلوچستان کے عوام کے احساس محرومی کا ازالہ کیا جائے،بلوچستان کی عوام کو موجودہ پارلیمنٹ اور حکومت سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔