انضمام الحق کو بیٹنگ کوچ بنادینا چاہیے، شاہد آفریدی

اسپورٹس ڈیسک  پير 16 ستمبر 2013
پی سی بی نے کبھی بھی کوئی ذمے داری دی تو حاضر ہوں، اسٹار آل راؤنڈر۔ فوٹو: فائل

پی سی بی نے کبھی بھی کوئی ذمے داری دی تو حاضر ہوں، اسٹار آل راؤنڈر۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستانی اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے ایک مرتبہ پھر بورڈ سے ملنے والی کوئی بھی ذمے داری سنبھالنے کا عندیہ دے دیا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ انضمام الحق کو قومی ٹیم کو بیٹنگ کوچ بنادینا چاہیے، پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز ہے، ڈومیسٹک کرکٹ کو مضبوط کیا جائے، زمبابوے کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں ناکامی پر ہونیو الی بحث میں آفریدی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملکی کرکٹ کو مضبوط کرنے کیلیے غیرملکی پلیئرز کو لانے کی ضرورت نہیں ہے، پلیئرز کو زیادہ اعتماد دیا جائے، کوچ انھیں سمجھائے، کھلاڑیوں کو پیار کے ساتھ ان پر سختی کی بھی ضرورت ہے۔

انھوں نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ اگر بورڈ نے مستقبل میں انھیں کوئی ذمے داری دی تو وہ اس کیلیے حاضر ہیں، حالیہ دنوں میں قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن کی تواتر سے ناکامی نے ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگادیا ہے، جو کہ ماضی میں آسٹریلوی بیٹسمین بھی رہے ہیں، تاہم آفریدی سمجھتے ہیں کہ سابق قومی کپتان انضمام الحق کو بیٹنگ کوچ بنادینا چاہیے، انھوں نے رواں برس کے اوائل میں دورہ بھارت سے قبل پلیئرز کو اپنے مشوروں سے بھی نوازا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔