یوراج سنگھ اور یوسف پٹھان کی کھیل میں طوفانی واپسی

اسپورٹس ڈیسک  پير 16 ستمبر 2013
بھارتی اسٹار آل راؤنڈر یوراج سنگھ کا فائل فوٹو، انھوں نے ویسٹ انڈیز ’ اے‘ کیخلاف طوفانی سنچری کے ساتھ مسابقتی کرکٹ میں واپسی اختیار کرلی۔  فوٹو: بی سی سی آئی/فائل

بھارتی اسٹار آل راؤنڈر یوراج سنگھ کا فائل فوٹو، انھوں نے ویسٹ انڈیز ’ اے‘ کیخلاف طوفانی سنچری کے ساتھ مسابقتی کرکٹ میں واپسی اختیار کرلی۔ فوٹو: بی سی سی آئی/فائل

بنگلور: قومی ٹیم سے باہر یوراج سنگھ اور یوسف پٹھان آتش فشاں کی طرح پھٹ پڑے، انٹرنیشنل کرکٹ سے جدائی کا سارا غصہ ویسٹ انڈیز اے پر نکال دیا۔

دونوں کی تباہ کن پرفارمنس سے بھارتی اے سائیڈ پہلا ون ڈے 77 رنز سے جیت گئی، یوراج نے 89 گیندوں پر 123 اور یوسف نے 32 بالز پر 70 رنز اسکور کیے۔ تفصیلات کے مطابق یوراج سنگھ اور یوسف پٹھان نے مسابقتی کرکٹ میں واپسی  پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ثابت کردیا کہ ابھی ان کی پیاس بجھی نہیں ہے، بنگلور میں اے ٹیموں کے پہلے ون ڈے میچ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو 77 رنز سے شکست دی۔

گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے میچ پونے دوگھنٹے تاخیر سے شروع ہونے کی وجہ سے 42 اوورز فی سائیڈ تک محدود کیا گیا، پہلے بیٹنگ کرنے والی بھارتی ٹیم کے دونوں اوپنرز 47 رنزپر پویلین واپس لوٹ گئے، نیوزی لینڈ اے کے خلاف بہتر کارکردگی پیش کرنے والے انمکڈ چند صرف ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ روبن اتھاپا 23 رنم بنا پائے، اس موقع پر کپتان یوراج سنگھ نے مندیپ سنگھ کو وکٹ پر جوائن کیااور حریف بولرز کے پٹائی شروع کردی، دونوں کے درمیان 100 رنز کی شراکت ہوئی۔

مندیپ 67 رنز پر آؤٹ ہوئے تو یوسف پٹھان کی آمد ہوئی، دونوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 55 بالز پر 125 رنز جوڑے، یوراج 89 گیندوں پر 123 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، انھوں نے 7 چھکے اور 8 چوکے رسید کیے، یوسف پٹھان 70 رنز پر ناقابل شکست رہے، انھوں نے 32 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 6 سکسرز اور 4 چوکے لگائے۔ اس طرح بھارتی ٹیم نے 4 وکٹ پر 312 رنز اسکور کیے۔ جواب میں ویسٹ انڈیز اے 39.1 اوورز میں آؤٹ ہوگئی، نرسنگھے دیونرائن اور ایشلے نرسے نے 57، 57 رنز اسکور کیے، یوسف پٹھان نے آل راؤنڈ پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو وکٹیں لیں، سمت نروال اور ونے کمار نے بھی دودو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔