اوورسیز پاکستانیوں نے وزیراعظم کی اپیل نظر انداز کردی

شہباز رانا  بدھ 24 جولائی 2019
کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی کے لیے سرٹیفکیٹس کا اجرا جنوری میں کیا گیا تھا

کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی کے لیے سرٹیفکیٹس کا اجرا جنوری میں کیا گیا تھا

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی اوورسیز پاکستانیوں سے اپنے ملک میں سرمایہ لگانے کے لیے کی گئی دوسری اپیل بھی مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام رہی ہے اور 600 سے بھی کم تارکین وطن نے ڈائسپورا بانڈز میں محض 26 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم کرنے کا ایک حل بیرون ملک مقیم پاکستانی شہریوں سے فنڈز اکٹھا کرنے کی صورت میں نکالا تھا، وزیراعظم عمران خان کو امید تھی کہ امریکا، کینیڈا اور برطانیہ میں رہائش پذیر پاکستانی ان کی اپیل پر زبردست ردعمل کا مظاہرہ کریں گے، مگر ان کی یہ امید پوری نہیں ہوئی۔

وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک کے ذرائع کے مطابق جون کے اختتام تک 600 سے بھی کم تارکین وطن نے پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹس میں محض 26 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔

ذرائع کے مطابق اگر ایک فرد کی گئی ایک سے ٹرانزیکشنز کو نکال دیا جائے تو پھر یہ تعداد 500 سے بھی کم ہوجاتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔