پولیس کے فلاحی اقدامات، 5435 اہلکاروں کی بیواؤں کو ساڑھے 27 کروڑ ادا کردیے گئے

اسٹاف رپورٹر  بدھ 24 جولائی 2019
1385 مرحوم و شہید اہلکاروں کی تجہیز و تکفین پر 5 کروڑ 42 لاکھ خرچ ہوئے،اے آئی جی ویلفیئر ڈاکٹر رضوان احمد۔ فوٹو : فائل

1385 مرحوم و شہید اہلکاروں کی تجہیز و تکفین پر 5 کروڑ 42 لاکھ خرچ ہوئے،اے آئی جی ویلفیئر ڈاکٹر رضوان احمد۔ فوٹو : فائل

کراچی: ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر سندھ ڈاکٹررضوان احمد نے جولائی 2018 تا مارچ 2019 کے 9 ماہ پر مشتمل شہدائے پولیس، مرحوم پولیس ملازمین کے ورثا سمیت سرونگ پولیس افسران وجوانوں کے لیے فلاح وبہبود کے اقدامات کی تفصیلات جاری کی ہیں جن کے مطابق 5435 پولیس بیواؤں کو 5000 ماہانہ فی کس کے حساب سے 27 کروڑ 46 لاکھ 38 ہزار8سو33 روپے ادا کیے گئے جس میں پچھلے بقایا جات بھی شامل ہیں۔

ڈاکٹررضوان احمد کے اقدامات کی وجہ سے 1385مرحوم اور شہید پولیس افسران اور جوانوں کی تجہیز وتکفین کی مد میں 5 کروڑ 42 لاکھ 50 ہزار روپے ان کے لواحقین کو ادا کیے گئے 3346 پولیس ملازمین کوریٹائرمنٹ، گرانٹ کی مد میں4 کروڑ 48 لاکھ 24 ہزار440 روپے ادا کیے گئے بچوں کی شادی کے لیے205 ملازمین کومیرج گرانٹ کی مد میں 67 لاکھ 35 ہزار روپے دیے گئے۔

تعلیمی میدان میں مختلف بورڈزکے تحت امتیازی پوزیشن کے حامل5 ملازمین کے بچوں کو21 لاکھ روپے اداکیے گئے، 13 ملازمین کے بچوں کواسکالرشپ کی مد میں 12 لاکھ 88 ہزار  اداکیے18ملازمین کو طبی امداد کی مد میں 81 لاکھ 56 ہزار 318 روپے ادا کیے گئے۔

دوران ڈیوٹی شدید زخمی 10 اہلکاروں کے علاج کی مد میں 2 لاکھ 73 ہزار کے اخراجات ہوئے، فرائض کے دوران معذور ہونیوالے 3 ملازمین کیلیے مصنوعی ٹانگ کی مد میں پونے 2 لاکھ روپے کے اخراجات آئے 10 سال سے کم سروس کے دوران انتقال کر جانیوالے 35 پولیس ملازمین کی بیواؤں کو25 ہزار ماہانہ کے حساب سے8 لاکھ 75ہزار روپے ادا کیے۔

علاوہ ازیں دوران ڈیوٹی زخمی اور معذور ہوجانیوالے 10 ملازمین کیلیے خصوصی آلٹر بائیکس فی کس ایک لاکھ 20 ہزار کے حساب سے 12 لاکھ روپے کمپنی کو ادا کیے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔