جامعہ کراچی میں داخلے رجحان ٹیسٹ کی بنیاد پر دینے پر غور

اسٹاف رپورٹر  پير 16 ستمبر 2013
جامعہ کراچی سندھ کے طلبا کو میرٹ پر داخلے دیگی، شعبہ جاتی رجحان ٹیسٹ کی پالیسی پر غور، ٹیسٹ مرکزی سطح پر منعقد ہوگا، ذرائع   فوٹو: فائل

جامعہ کراچی سندھ کے طلبا کو میرٹ پر داخلے دیگی، شعبہ جاتی رجحان ٹیسٹ کی پالیسی پر غور، ٹیسٹ مرکزی سطح پر منعقد ہوگا، ذرائع فوٹو: فائل

کراچی: جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے گزشتہ برس این ای ڈی یونیورسٹی کے رجحان ٹیسٹ میں سندھ کے تعلیمی بورڈز کے طلبا کی بدترین کارکردگی سامنے آنے کے بعد یونیورسٹی کے بیشتر شعبہ جات میں داخلے رجحان ٹیسٹ کی بنیاد پر دیے جانے پر غور شروع کردیا ہے۔

این ای ڈی یونیورسٹی میں گزشتہ برس اندرون سندھ کے تعلیمی بورڈز کے طلبا کی کامیابی کی شرح 31 فیصد سے زائد نہیں تھی اس صورتحال پر جامعہ کراچی نے تعلیمی سال 2014 میں ماسٹرز اور بیچلرز کی داخلہ پالیسی کو حتمی شکل دینے کے لیے یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کا اجلاس شیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد قیصر کی زیر صدارت بدھ 25 ستمبر کوطلب کیا ہے، اجلاس میں جامعہ کراچی کی داخلہ پالیسی میں یونیورسٹی کے بیشتر شعبوں میں رجحان ٹیسٹ متعارف کروائے جانے کی منظوری متوقع ہے منظوری کی صورت میں جامعہ کراچی این ای ڈی یونیورسٹی کی طرز پر ماسوائے لسانیات کے شعبوں کے تمام شعبوں میں رجحان ٹیسٹ لیگی تاہم رجحان ٹیسٹ کے نمبر داخلوں کیلیے بننے والے میرٹ میں شامل نہیں ہوں گے اور این ای ڈی یونیورسٹی کی طرزپر داخلہ ٹیسٹ میں محض پاسنگ مارکس لانے ضروری ہوں گے۔

ذرئع نے بتایا ہے کہ اکیڈمک کونسل کے اراکین اگر راضی ہوئے تو داخلہ پالیسی میں رجحان ٹیسٹ متعارف کروانے کے بعد ٹیسٹ کا انعقاد مرکزی سطح پر ہوگا اور سائنس، آرٹس، کامرس ،معارف اسلامی اور فارمیسی کے مضامین سے بنیادی واقفیت رکھنے والے طلبا اپنی فیکلٹی کے تحت ان پرچوں کو حل کرسکیں گے، ایک سینئر پروفیسرکا کہنا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ کراچی سمیت سندھ بھرکے طلبہ وطالبات کویونیورسٹی میں میرٹ کی بنیاد پر داخلوں کا موقع دینا چاہتی ہے اورمیرٹ کویقینی بنانے کیلیے شعبہ جاتی رجحان ٹیسٹ متعارف کروانے کی پالیسی پر غورکیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس این ای ڈی یونیورسٹی کے رجحان ٹیسٹ میں سندھ کے تعلیمی بورڈز سے انٹرکرنے والے طلبا کے نتائج کا مجموعی تناسب31 فیصد سے زائد نہ تھا صرف اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی سے انٹرکرنے والے طلبا میں سے 62 فیصد، لاڑکانہ بورڈ کے18فیصد،حیدرآباد بورڈکے 23 فیصد، میرپورخاص بورڈ کے 25 فیصد اور سکھر بورڈکے31 فیصد طلبا نے این ای ڈی کا رجحان ٹیسٹ پاس کیا تھا ،بعض تعلیمی بورڈ کے ٹاپ ٹین پوزیشن، اے ون اور اے گریڈ لینے والے طلبا بھی رجحان ٹیسٹ پاس نہیں کرسکے تھے،اس کے برعکس اے لیول کرکے ٹیسٹ میں شریک ہونیوالے 97 فیصد طلبا، آغاخان تعلیمی بورڈز سے فارغ 89 فیصد طلبا، فیڈرل بورڈ اور انٹربورڈکراچی سے شریک ہونے والے طلبا میں سے 62 فیصد نے ٹیسٹ پاس کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔