کے الیکٹرک کراچی والوں کی کھال تک اتار کر لے جائے گی، سپریم کورٹ

ویب ڈیسک  بدھ 24 جولائی 2019
سپریم کورٹ کا کے ایم سی اور کے الیکٹرک کے درمیان واجبات کے مسئلے پر اجلاس بلانے کا حکم فوٹو:فائل

سپریم کورٹ کا کے ایم سی اور کے الیکٹرک کے درمیان واجبات کے مسئلے پر اجلاس بلانے کا حکم فوٹو:فائل

 کراچی: سپریم کورٹ کے جج جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے ہیں کہ کے الیکٹرک اب پورے کراچی والوں کی کھال تک اتار کر لے جائے گی۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کے الیکٹرک اور شہری حکومت کے درمیان بجلی کے بلوں کی ادائیگی کے تنازع کی سماعت ہوئی۔ میئر کراچی وسیم اختر، کے الیکٹرک حکام، سیکرٹری بلدیات اور دیگر افراد عدالت میں پیش ہوئے۔

میئر کراچی وسیم اختر نے عدالت سے کہا کہ انہیں اختیارات حاصل نہیں۔ سیکرٹری بلدیات نے وسیم اختر کے شکوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ کام کریں تو ان سے زیادہ با اختیار ادارہ کوئی نہیں۔ نمائندہ سندھ حکومت نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے 34 کروڑ روپے واجبات کے سلسلے میں جاری کردیے ہیں۔

سپریم کورٹ نے چیف سیکرٹری کو کے ایم سی اور کے الیکٹرک کے درمیان مسئلے پر کل اجلاس بلانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں بجلی کے بلوں کی ادائیگی کا حتمی حل نکالا جائے۔

جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ ’کے الیکٹرک‘ کوئی فلاحی ادارہ نہیں، یہ پاکستانی نہیں ہیں، یہ تو یہاں کمانے آئے ہیں، کے الیکٹرک نے جتنا کمانا تھا کما لیا، یہ اب پورے کراچی والوں کی کھال تک اتار کر لے جائیں گے۔

عدالت نے تمام متعلقہ حکام کو اجلاس بلاکر مسئلے کا حل نکالنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔