دہشت گرد اس گمان میں نہ رہیں کہ ہم سے اپنی شرائط منوا لیں گے، آرمی چیف

ویب ڈیسک  پير 16 ستمبر 2013
فوج سیاسی عمل کی حمایت جاری رکھے گی اور ہمیں سیاسی عمل کے ذریعے امن کو ایک موقع دینا ہوگا، آرمی چیف. فوٹو: فائل

فوج سیاسی عمل کی حمایت جاری رکھے گی اور ہمیں سیاسی عمل کے ذریعے امن کو ایک موقع دینا ہوگا، آرمی چیف. فوٹو: فائل

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ دہشت گرد اس گمان میں نہ رہیں کہ ہم سے اپنی شرائط منوا لیں گے، پاک فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے پرعزم ہے۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے فاٹا میں شہید ہونے والے فوجی افسران کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملک کے لیے  ان کی بے مثال قربانی اور جرات کو سلام پیش کرتے ہیں، ہم شہدااورزخمیوں کے خاندانوں کے ساتھ ہیں، قوم اور فوج اپنے جوانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یادر کھے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ عوامی امنگوں کے مطابق جاری رہے گی، دہشت گرد اس گمان میں نہ رہیں کہ ہم سے اپنی شرائط منوا لیں گے، دہشت گردی میں ملوث بزدلوں کو کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن کارروائی کی جائے گی۔

جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ فوج سیاسی عمل کی حمایت جاری رکھے گی اور ہمیں سیاسی عمل کے ذریعے امن کو ایک موقع دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو مفاہمت کا ناجائز فائدہ نہیں اٹھانے دیں گے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز اپر دیر میں بارودی سرنگ میں دھماکے کے نتیجے میں جی او سی مالاکنڈ ڈویژن سمیت پاک فوج کے 2 اعلیٰ افسر اور ایک اہلکار شہید ہوگئےتھے، حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔