کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی

ویب ڈیسک  جمعرات 25 جولائی 2019
اتوار سے منگل کے دوران کراچی سمیت اندرون سندھ موسلا دھار بارشوں کی ایڈوائزری  جاری کردی گئی ہے

اتوار سے منگل کے دوران کراچی سمیت اندرون سندھ موسلا دھار بارشوں کی ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے

کراچی: محکمہ موسمیات نے اتوار سے منگل کے دوران کراچی سمیت سندھ  اور بلوچستان میں تیز ہواؤں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق محکمہ موسمیات نے پنجاب اور خیبرپختون کے بعد سندھ اوربلوچستان میں تیز ہواوں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، اور اتوار سے منگل کے دوران کراچی سمیت اندرون سندھ میں تیز بارشوں کی ایڈوائزری بھی جاری کردی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں پر موجود سلسلہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران وسطی اور جنوبی حصوں میں پھیل جائے گا، ہوا کا کم دباؤ اتوار کے روز راجستھان انڈیا پر بنے گا، جس کے تحت سندھ اور بلوچستان میں بارشیں ہوں گی۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق اتوار سے منگل کے دوران کراچی، حیدرآباد، میر پورخاص، ٹھٹھہ، شہید بے نظیرآباد، سکھر، لاڑکانہ، ژوب، سبی، نصیرآباد ڈویژن، قلات اور مکران ڈویژن میں اکثر مقامات پر تیز ہواوں کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، اور چند مقامات پر درمیانی سے موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

پیر اور منگل کے دوران موسلادھار بارش کے باعث کراچی، ٹھٹھہ اور حیدرآباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا امکان ہے، جب کہ قلات، سبی، ژوب ڈویژن میں مقامی دریاؤں برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جس کے لئے تمام متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔