بالی ووڈ میں بننے والی غیر معمولی رومانٹک فلمیں

محمد جاوید یوسف  منگل 17 ستمبر 2013
بالی ووڈ میں ہمیشہ سے ہی رومانٹک فلمیں بنتی اور باکس آفس پر کامیابیاں حاصل کرتی چلی آئی ہیں ۔ فوٹو : فائل

بالی ووڈ میں ہمیشہ سے ہی رومانٹک فلمیں بنتی اور باکس آفس پر کامیابیاں حاصل کرتی چلی آئی ہیں ۔ فوٹو : فائل

بالی ووڈ میں ہمیشہ سے ہی رومانٹک فلمیں بنتی اور باکس آفس پر کامیابیاں حاصل کرتی چلی آئی ہیں ۔

دلکش چہروں، خوبصورت مناظر اور زیادہ تر ’ہیپی اینڈنگ‘ والی فلموں کا جادو بہت عرصے تک شائقین کو دیوانہ بنائے رکھتا ہے۔ لیکن، محبت کی کچھ غیر معمولی کہانیاں ایسی بھی ہیں جو فلم کے پردے پرآ کر امر ہوگئیں اور ان کے کردار لازوال ہوگئے ۔اداکارہ سونم کپور اور دھنش کی فلم ’’رانجھنا‘‘ کوو ماضی کی سپر ہٹ رومانٹک فلم ’ہیر رانجھا‘ کا ماڈرن ورژن قرار دیا جا رہا ہے۔

عام سے نوجوان کی دوسری برادری سے تعلق رکھنے والی لڑکی سے محبت کی اس کہانی کی خاص بات اس کی سادگی اور مخلصی ہے۔ دوسری غیر معمولی لو اسٹوری ’’برفی‘‘ نے باکس آفس پر دھوم مچا دی۔ گونگے بہرے رنبیر کپور کی دو لڑکیوں سے محبت جن میں ایک ذہنی طور پر کمزور ہے، اس کی داستان نے دیکھنے والوں کے دلوں میں گھر کرلیا۔ یہ فلم روایتی چاکلیٹی ہیرو اور خوبصورت و خوش لباس ہیروئن کی لو اسٹوری سے بالکل مختلف ثابت ہوئی۔زیادہ عمر ہوجانے کے باوجود شادی نہ کرنے والے جوڑے پر بنی ’شیریں فرہاد کی تو نکل پڑی‘ لائٹ، کامیڈی فلم تھی جسے خوب پسند کیا گیا۔

عام طور پر اس موضوع پرفلمیں کم بنی ہیں۔ بومن ایرانی اور فرح خان نے مرکزی کرداروں کو اچھی طرح نبھا کر فلم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا۔’راک اسٹار‘ بھی ایسی ہی ایک فلم تھی جس کا موضوع ہندی سینما کے روایتی اسٹائل سے ہٹ کر تھا۔ رنبیر کپور نے بطور ’راک اسٹار‘ فلم کے ہیرو کی محبت، شہرت اور جدوجہد کے سفر کو بہت جاندار انداز میں پردے پر پیش کیا۔

سپر ہٹ گانوں اور شہری بیک ڈراپ کے باوجود ’جب وی میٹ‘ کی اسٹوری دیگر لو اسٹوریز سے بالکل مختلف تھی۔ جس میں فلم کے ہیرو اور ہیروئن کی محبت الگ انداز میں آگے بڑھی۔ کرینہ کپور اور شاہد کپور فلم کے ہیرو ہیروئن تھے اور انہوں نے اپنے کرداروں سے بھرپور انصاف کیا۔دو مختلف دنیاؤں میں بسنے والے تین لوگوں کی زندگی پر بنی ’کاک ٹیل‘ میں دو دوستوں دپیکا پڈکون اور ڈیانا کو ایک ہی شخص سیف علی خان کی محبت میں گرفتار دکھایا گیا ہے۔ دونوں ہی ایک دوسرے کی خاطر اپنی محبت کو قربان کرنے کے لئے تیار ہوتی ہیں۔ فلم میں دپیکا پڈکون کو بھرپور گلیمرس لک میں دکھایا گیا ۔

ایک اور غیرمعمولی رومینٹک فلم ’عشقیہ‘ تھی۔ نصیر الدین شاہ، ودیا بالن اور ارشد وارثی کی اسٹار کاسٹ پر مبنی فلم بظاہر لو ٹرائی اینگل پر بنی تھی جس میں دونوں لیڈ کیریکٹر ایک ہی عورت سے محبت کرتے ہیں جو درحقیقت ان دونوں کو ہی اپنے فائدے کے لئے استعمال کر رہی ہوتی ہے۔’لو آج کل‘ دو مختلف زمانوں کی دو لواسٹوریز پر بنائی گئی فلم ہے جس کا انجام یہ تھا کہ زمانہ چاہے جو بھی ہو، محبت کبھی نہیں بدلتی۔دو شادی شدہ جوڑوں کے تعلقات میں آنے والی سرد مہری اور ایکسٹرا میریٹل افیئرز کرن جوہر کی فلم ’کبھی الوداع نہ کہنا‘ کا موضوع تھا۔

یہ فلم کرن جوہرکی دیگر فلموں سے مختلف اور اپنے تھیم کے اعتبار سے بولڈ تھی۔ اس کی کاسٹ شاہ رخ خان، پریتی زنٹا، ابھیشیک بچن اور رانی مکھرجی پر مبنی تھی۔’’تیرے نام‘‘ سلمان خان کی فلموں کے برعکس حساس اور ٹریجک اینڈنگ والی فلم تھی۔ لاابالی کالج کا لڑکا اپنی ساتھی سے محبت کرتا ہے لیکن دماغی چوٹ سے صحت یابی کے بعد اسے پتا لگتا ہے کہ اس کی محبت خودکشی کرچکی ہے۔دو محبت کرنے والوں کے بے لوث پیار، پیار بھرے لڑائی جھگڑے اور روٹھنے منانے کو ’’ہم تم ‘‘میں بہت عمدہ انداز میں پکچرائز گیاتھا۔ رانی مکھرجی اورسیف علی خان نے اپنی بے ساختہ اداکاری سے کرداروں میں حقیقت کے رنگ بھر دئیے۔ کالج لائف، رومانس اور تین دوستوں کا لو ٹرائی اینگل ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ باکس آفس پر میگا ہٹ رہا۔

کاجل، رانی مکھرجی اور شاہ رخ خان کی اس فلم نے کرن جوہر کو راتوں رات صف اول کے ڈائریکٹرز میں شامل کروا دیا۔ٹین ایج لواسٹوری ’بوبی‘ سے سپر اسٹار رشی کپور اور ڈمپل کپاڈیہ نے اپنے کیرئیر کی شروعات کی۔ اس فلم میں نہ صرف ٹین ایج رومانس تھا بلکہ والدین کا اپنے بچوں کی خوشی کے لئے سب کچھ کرگزرنے کا جذبہ بھی موجود تھا، جسے بہت خوبصورتی سے اجاگر کیا گیا۔ فلم ’’صدمہ ‘‘ اپنی یاد داشت کھو دینے والی لڑکی اور اس کا بے پناہ خیال اور پھر اس کے عشق میں گرفتار لڑکے کی اسٹوری کو شائقین کی بے پناہ پذیرائی اس کے غیر متوقع اینڈ پر ملی جس میں یادداشت واپس آنے پر لڑکی اس لڑکے کو بھلادیتی ہے جو اس سے محبت کرتا ہے۔ فلم میں کمل ہاسن اور سری دیوی نے مرکزی کردار مہارت سے ادا کر کے داد سمیٹی۔

سری دیوی اور انیل کپور کی ’’لمحے‘‘ ایک غیرمعمولی لو اسٹوری تھی جس میں لیڈ کریکٹر پہلے ماں اور پھر اس کی بیٹی سے محبت کربیٹھتا ہے۔’’ایک دوجے کے لئے‘‘مقبول گانوں سے سجی لو اسٹوری قربانی کی داستان تھی جس میں ہیرو اورہیروئن یعنی کمل ہاسن اور رتی اگنی ہوتری محبت کے لئے جان دے کر امر ہوجاتے ہیں۔’’ارتھ‘‘ شوہر کی بیوفائی سہتی عورت کی کہانی ہے جو آخر میں ہرجائی شوہر کو چھوڑ کر اپنی زندگی آپ گزارنے کا فیصلہ کر کے اپنے غیر محفوظ ہوجانے کے خوف سے نجات حاصل کرلیتی ہے۔ فلم میں مرکزی کردار شبانہ اعظمی، اسمیتا پاٹل اور کل بھوشن کھربندا نے ادا کئے تھے۔

’’سلسلہ‘‘ اپنے دور کی بلاک بسٹر فلم روایتی یش چوپڑہ کلاسک تھی جس کی اسٹار کاسٹ میں امیتابھ بچن، جیہ بچن،ریکھا اور سنجیوکمار شامل تھے ۔فلم میں شادی کے بعد بھی بچھڑجانے والی محبت کا اثرانداز ہونا دکھایا گیاتھا۔بمل مترا کے کلاسک بنگالی ناول پراسی نام سے بنائی گئی فلم’صاحب بیوی اور غلام’ مکمل ٹریجک فلم تھی جس میں غلام کے علاوہ سب یا تو مر جاتے ہیں یاماردئیے جاتے ہیں۔ فلم کو ہند ی سینما میں کلاسک کادرجہ حاصل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔