بارشوں کے بعد دریاؤں میں پانی کی سطح بلند، کئی مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب

ویب ڈیسک  جمعـء 26 جولائ 2019
 سیلاب کے باعث دریائے سندھ کے راستوں میں آباد لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے، فلڈ کنٹرول روم۔ فوٹو : فائل

سیلاب کے باعث دریائے سندھ کے راستوں میں آباد لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے، فلڈ کنٹرول روم۔ فوٹو : فائل

ملک بھر میں بارشوں کے بعد دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہوگئی جس کے باعث کئی مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے اور کئی مقامات پر اونچے درجے کے سیلاب کا سامنا ہے، فلڈ کنٹرول روم کے مطابق دریائے سندھ میں راجن پور کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جس کے باعث جو فصلیں دریائی راستوں میں کاشت تھی وہ زیر آب آگئی ہیں جب کہ دریائے سندھ کے راستوں میں آباد لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے، دریا کی حدود میں کچے کے علاقوں میں متوقع سیلاب کے پیش نظر لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کے لیے اعلانات بھی کرائے جا رہے ہیں۔

فلڈ کنٹرول روم کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ میں کوٹ مٹھن کے مقام پر 2 لاکھ 80 ہزار کیوسک پانی گزرہا ہے جب کہ دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہونے پر ہائی فلڈ الرٹ جاری ہے، اس کے علاوہ ژوب، قلات اور ڈی جی خان ڈویژن میں دریاؤں اور برساتی نالوں میں طغیانی کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے باعث دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے راوی اور دریائے چناب سے ملحقہ ندی نالوں میں سیلابی صورتحال ہوگی، ڈی جی خان کے پہاڑی ندی نالوں میں بھی نچلے سے درمیانے درجے کا سیلاب ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔