دہشتگردی کے خاتمے کیلیے قوم فوج کا ساتھ دے، شازیہ مری

نامہ نگار  منگل 17 ستمبر 2013
شازیہ مری نے کہا کہ شری رام کا یہ فلسفہ تھا کہ امن کی فضا قائم اورلوگوں میںبھائی چارگی برقرار رہے۔ فوٹو : فائل

شازیہ مری نے کہا کہ شری رام کا یہ فلسفہ تھا کہ امن کی فضا قائم اورلوگوں میںبھائی چارگی برقرار رہے۔ فوٹو : فائل

ٹنڈو الٰہیار:  پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ پاک فوج کی جرات اور جواں مردی کی دنیا میں کہیں مثال نہیں ملتی۔

پاک فوج جس جوش اور ولولے سے ملک میں دہشت گردی سے نبرد آزما ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے اور قیام امن کے لیے ہم سب کو فوج کا ساتھ دینا چاہیے۔ راما پیر مندر کے دورہ میں ہندو یاتریوں سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا سب سے بڑا دشمن وہ ہے جو مندروں، مسجدوں، گرجا گھروں سمیت و دیگر مذہبی مقامات پر دھماکے کر کے بے گناہ افراد کا خون بہا رہا ہے۔

شازیہ مری نے کہا کہ شری رام کا یہ فلسفہ تھا کہ امن کی فضا قائم اورلوگوں میںبھائی چارگی برقرار رہے، یہی فلسفہ ہمارے شہیدوں کا بھی تھا اور ہم بھی وہی پیغام عوام کے پاس لے کر جا رہے ہیں اور ہم محترمہ شہید کے مشن کو ضرور پورا کریں گے۔ انہوں نے پاکستان سے ہندوئوں کی نقل مکانی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ سانگھڑ سے ان کی کامیابی اقلیتی برادری کی ہی مرہون منت ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کو مساوی حقوق دیے اور آئندہ بھی اقلیتی برادری کو ساتھ لے کر چلتے رہیں گے۔ اس موقع پر ہندو پنجایت کے ماما رتن لال، شیوا منڈلی کے صدر کشور کمار، کاکا ایشر داس، ڈاکٹر جے دیو، بھورا لعل و دیگر بھی موجود تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔