سرکاری کالجوں میں انٹر کے داخلوں کا دباؤ بڑھ گیا، 9 ہزار زائد داخلے دیے گئے

اسٹاف رپورٹر  منگل 17 ستمبر 2013

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

کراچی: کراچی کے سرکاری کالجوں میں انٹرسال اول کے داخلوں کے لیے شہر کے طلبا کا دباؤ غیر معمولی حد تک بڑھ گیا ہے اور مرکزی داخلہ کمیٹی کوگزشتہ برس کے مقابلے میں اس بار ساڑھے 10 ہزار زائد داخلہ فارم موصول ہوئے ہیں۔

گزشتہ برس 82500 امیدواروں نے سرکاری کالجوں میں داخلوں کے لیے فارم جمع کرائے تھے جبکہ اس بار 93 ہزارطلبہ نے داخلہ فارم جمع کرائے ہیں جس کے سبب مرکزی داخلہ کمیٹی نے مختلف فیکلٹیز میں داخلہ نشستوں میں اضافہ کردیا ہے مزیدبراں مرکزی داخلہ کمیٹی نے فرسٹ ایئرپری میڈیکل میل/ فیمیل، پری انجینئرنگ میل اورہیومینٹیزمیل کی میرٹ لسٹ جاری کردی ہے، میرٹ لسٹ ڈائریکٹر جنرل کالجز پروفیسر ڈاکٹر ناصر انصار نے پیر کو گورنمنٹ کالج برائے خواتین شاہراہ لیاقت میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران جاری کی، پریس کانفرنس میں ان کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر افضال احمد بھی موجود تھے، پروفیسر ناصر انصار نے کہا کہ داخلہ کمیٹی نے گزشتہ سال کی نسبت اس سال 9 ہزار زیادہ داخلے دیے۔

گزشتہ سال 80276 داخلے دیے گئے تھے، اس بار89131 طلبا کوداخلے دیے جارہے ہیں، ڈائریکٹرجنرل کالجز کا کہنا تھا کہ سرکاری کالجوں میںنئے تعلیمی سال کا آغاز 25 ستمبر سے کردیا جا ئے گا، اس حوالے سے کیپ کی کمیٹی 17ستمبر سے اپنا کام شروع کردے گی ، داخلہ کمیٹی کے تحت اس سال کمپیوٹر سائنس میں طلبا کے لیے 950 اور طالبات کیلیے 800، پری انجینئرنگ میں طلبا کیلیے 19021 اور طالبات کے لیے 5972، پری میڈیکل میں طلبا کے لیے 3499 جبکہ طالبات کے لیے 11750، کامرس میں طلبا کیلیے 23100 اور طالبات کے لیے 14500 نشستیں مختص کی گئی ہیں ، انھوں نے بتایاکہ کامرس میں داخلوں کے نتائج کا اعلان 17 ستمبر کو کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ ہیومینٹیز میں طلبا کے تناسب کو گزشتہ سال کے مقابلے میں کم کرکے 1039 نشستیں مختص کی گئی ہیں جبکہ طالبات کیلیے 8500 نشستیں ہیں، پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ نتائج میں غلطی کی صورت میں 18 ستمبر سے کلیم سینٹر کام شروع کردیں گے جن امیدواروں کومیرٹ لسٹ کے حوالے سے کوئی اعتراض ہو وہ صبح 11 بجے سے دوپہر 3 بجے تک کلیم سینٹر سے رجوع کرسکیں گے۔

دریں اثناء مرکزی داخلہ کمیٹی کی جانب سے جاری کی گئی میرٹ لسٹ کے مطابق پری میڈیکل میل میں سب سے زائد728 نمبروں پرداخلے آدمجی گورنمٹ سائنس کالج میں بند ہوئے جبکہ سب سے کم 340 نمبروں پرداخلے گورنمنٹ ڈگری بوائزکالج 5 ایل نیوکراچی میں بند ہوئے پری میڈیکل فیمیل میں سب سے زائد750 نمبروں پرداخلے گورنمنٹ پی ای سی ایچ ایس کالج برائے خواتین میں بند ہوئے جبکہ سب سے کم 341 نمبروں پرداخلے لیاقت گورنمنٹ گرلز کالج ملیرمیں بند ہوئے۔

ہیومینیٹیز میل میں سب سے زائد454 نمبروں پرداخلے گورنمنٹ ممتاز بوائز ہائر سیکنڈری اسکول مظفر آباد لانڈھی میں بند ہوئے، سب سے کم 290 نمبروں پر داخلے گورنمنٹ ڈگری کالج کورنگی 6( ایوننگ ) میں بند ہوئے، پری انجینئرنگ میل میں سب سے زائد737 نمبروں پر داخلے آدمجی گورنمنٹ سائنس کالج میں بند ہوئے، سب سے کم 425 نمبروں پرداخلہ بیک وقت گورنمنٹ جامعہ ملیہ گورنمنٹ کالج (صبح)، گورنمنٹ بوائز کالج لانڈھی 4، گورنمنٹ ڈگری سائنس اینڈ کامرس کالج لیاری،گورنمنٹ ڈگری سائنس کالج لیاقت آباد، گورنمنٹ سراج الدولہ کالج (صبح)، پاکستان شپ اونرگورنمنٹ کالج، گورنمنٹ ڈگری کالج برائے طلبا نارتھ کراچی اور گورنمنٹ ڈگری بوائزکالج آصف آباد میں بند ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔