فیصل آباد وولفز کو چندی گڑھ میں قیام کا پروانہ مل گیا

اسپورٹس ڈیسک  منگل 17 ستمبر 2013
مین ایونٹ میں رسائی پر مزید شہروں کے ویزے لگا دیے جائینگے، منتظمین کی یقین دہانی۔   فوٹو: فائل

مین ایونٹ میں رسائی پر مزید شہروں کے ویزے لگا دیے جائینگے، منتظمین کی یقین دہانی۔ فوٹو: فائل

موہالی: فیصل آباد وولفزکو چندی گڑھ میں قیام کا بھی پروانہ مل گیا، ایک شب پی سی اے اسٹیڈیم کے کلب ہاؤس میں گزارنے کے بعد کھلاڑی ہوٹل واپس لوٹ آئے، مین ایونٹ میں رسائی پر مزید شہروں کے ویزے لگائے جائیں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق چیمپئنز لیگ میں شرکت کیلیے بھارت پہنچنے والی پاکستانی چیمپئن فیصل آباد وولفز کو اس وقت شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب اتوار کو چندی گڑھ کا ویزا نہ ہونے کی وجہ سے ہوٹل سے نکال کر موہالی بھیج دیا گیا، وہاں پر پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم کے کلب ہاؤس میں رات گزارنا پڑی تھی۔ پی سی اے نے اس معاملے پر فوری طور پر بھارتی کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا جس کی درخواست پر وزارت داخلہ نے فیصل آباد وولفز کو چندی گڑھ کا بھی ویزا جاری کردیا۔

اس بارے میں ایک آفیشل کا کہنا ہے کہ ہم نے اب پاکستان سے آنے والے کھلاڑیوں کو موہالی کے ساتھ چندی گڑھ کا بھی ویزا دیدیا،اگر یہ ایونٹ کے اگلے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرتے ہیں تب انھیں دوسرے شہروں کے بھی ویزے جاری کردیے جائینگے۔ پی سی اے کے جوائنٹ سیکریٹری جی ایس والیا کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ اتوار کو سامنے آیا جس کی وجہ سے کچھ تاخیر ہوئی، مگر اب چندی گڑھ کے ویزے جاری ہوچکے اور فیصل آباد وولفز ہوٹل میں واپس آچکی جہاں کوالیفائنگ راؤنڈ میں شریک باقی تین ٹیمیں بھی موجود ہیں۔

واضح رہے کہ فیصل آباد وولفز نے موہالی میں ہی صبح کو پریکٹس سیشن میں حصہ لیا، ان کا پہلا مقابلہ منگل کو اوٹاگو وولٹس سے ہونا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔