وسائل کی کمی سے اردو لغت’’اشاریہ‘‘ کی اشاعت تعطل کا شکار

صفدر رضوی  منگل 17 ستمبر 2013
اردو لغت بورڈ کے رسالے ’’اردونامہ‘‘کی اشاعت کھٹائی میں پڑگئی،اردونامہ اشاریہ کے 25 صفحات کے ساتھ شائع ہوگا، فنڈزکے اجرا کا انتظار ہے،عقیل صدیقی  فوٹو: فائل

اردو لغت بورڈ کے رسالے ’’اردونامہ‘‘کی اشاعت کھٹائی میں پڑگئی،اردونامہ اشاریہ کے 25 صفحات کے ساتھ شائع ہوگا، فنڈزکے اجرا کا انتظار ہے،عقیل صدیقی فوٹو: فائل

کراچی:  قومی زبان کی مکمل لغت تیارکرنے والے ادارے ’’اردو ڈکشنری بورڈ‘‘ کی 22 جلدوں پرمشتمل لغت کا ’’اشاریہ‘‘ (bibliography) تیاری کے باوجود 2 سال سے شائع نہیں کی جاسکے۔

اشاریہ کا مسودہ 2 سال سے طباعت کا منتظر ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈزکی عدم فراہمی کے سبب لغت کا اشاریہ شائع نہیں ہوپارہا جبکہ اردو ڈکشنری بورڈ کی جانب سے معروف رسالے ’’اردونامہ‘‘کی از سرنواشاعت کا منصوبہ بھی فنڈز کی کمی سے کھٹائی میں پڑگیا ہے، اردو ڈکشنری بورڈکی جانب سے دوسال قبل اردولغت کی آخری22 ویں جلد کی اشاعت پر پہلی سے بائیسویں جلد کے مکمل اشاریہ کا خام مسودہ بھی تیار تھا جو تاحال اشاعت کا منتظر ہے واضح رہے کہ اردوڈکشنری بورڈ کی جانب سے اردو لغت کی 22 جلدوں کی تیاری میں اردولسانیات پرلکھی گئی 10ہزارکتابوں اور نسخوں کا سہارا لیاگیا تھا جو اردوڈکشنری بورڈکی لائبریری میں موجود ہیں ۔

ان کتب کی نشاندہی کے لیے بورڈکی جانب سے ان 10ہزار معاون کتب کی مختصر معلومات شائع کرنے کافیصلہ کیاگیا اس اشاریہ کے مسودے میں لغت کی تیاری میں استعمال ہونے والی کتابوں کی سن اشاعت، شہراشاعت، مولف کا نام اوردیگر معلومات اکھٹی کی گئی ہیں اشاریہ کے ہر صفحے پر کم وبیش 32 کتابوں کی تفصیلات ہیں اور مسودے کے200 صفحات پر ان 10ہزار کتابوں کی تفصیلات جمع کی گئی ہیں جن سے اردولغت کی 22 جلدوں کی تیاری میں مدد لی گئی۔

2 سال گزرنے کے باجود وفاقی حکومت کی جانب سے اس مسودے کی طباعت کے لیے فنڈز جاری نہ ہونے کے باعث اشاریہ کا یہ مسودہ اشاعت کامنتظر ہے،حکومت رسالہ ’’اردونامہ‘‘کی اشاعت کے لیے بھی فنڈ جاری نہ کرسکی جس کے سبب رسالے کا اجرا بھی التوا کا شکار ہے اردو ڈکشنری بورڈکی جانب سے معروف شاعر اور مرثیہ نگارجوش ملیح آبادی کی ادارت میں اردونامہ کی اشاعت 1960میں شروع ہوئی تھی،اس حوالے سے اردو ڈکشنری بورڈکے اسسٹنٹ ایڈیٹرعقیل صدیقی کاکہنا تھا کہ بورڈکی جانب سے اردونامہ کا ہرشمارہ لغت کے اشاریہ کے 25 صفحات کے ساتھ شائع کرنے کا اصولی فیصلہ ہوچکا ہے تاہم فنڈزکے اجرا کا انتظار ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔