لاپتہ افراد لائیں فورسز کو شرمندہ نہ کریں، سپریم کورٹ، آئی جی ایف سی کی آج طلبی

نمائندہ ایکسپریس  منگل 17 ستمبر 2013
آئی جی ایف سی، سیکریٹری داخلہ کی عدم حاضری پربرہمی،رپورٹ مسترد، چاروں صوبوں سے بلدیاتی الیکشن کی تاریخیں طلب  فوٹو فائل

آئی جی ایف سی، سیکریٹری داخلہ کی عدم حاضری پربرہمی،رپورٹ مسترد، چاروں صوبوں سے بلدیاتی الیکشن کی تاریخیں طلب فوٹو فائل

کوئٹہ:  سپریم کورٹ نے بلوچستان میں لاپتہ افراد کے حوالے سے کیس کی سماعت کے دوران فرنٹیئرکور کی رپورٹ ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے آئی جی ایف سی اور سیکریٹری داخلہ کی عدم حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سماعت کی طرح آئی جی ایف سی اس بار بھی پیش نہیں ہوئے۔

لگتا ہے آپ نے ریاست نہیں چلانی، آئی جی ایف سی ہیں نہ وفاق کا نمائندہ، ہم سب کا احترام کرتے ہیں لیکن ڈیوٹی تو کرنا پڑے گی، اگر عدالت سے تعاون اور فیصلوں پر عمل نہیں کرنا تو ہم گھر چلے جاتے ہیں، یہ لوگ آگ سے کیوں کھیل رہے ہیں؟ ہماری بات پرعمل کیوں نہیں ہو رہا؟ غیرسنجیدگی کی جو قیمت ادا کرنا پڑے گی اس کا آپ کو اندازہ نہیں، ابھی توصرف اشارے ہیں پھرایسا نہ ہو کہ حکم دیا جائے، جہاں سے ہولاپتہ بندے ڈھونڈھ کر پیش کیے جائیں، فورسزکوشرمندہ نہ کریں، ہمیں رزلٹ چاہئیں،ایف سی افسران کو بلائیں گے توپھرخود بندوں کو لے کرآئیں گے۔

اگر ہم ایسا حکم دیں جس پر ہرحال میں عمل کرنا ہوا تو فورس کا کیا مورال ہوگا، آئی جی ایف سی آج ہرحال میں عدالت میں پیش ہوں۔ بلوچستان بدامنی اور لاپتہ افراد کیس کی سماعت چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی جس کے دیگر ارکان میں جسٹس جواد ایس خواجہ اور جسٹس عظمت سعید شا مل تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔