وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس کراچی اور ٹھٹھہ میں2نئے اضلاع بنانے کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  منگل 17 ستمبر 2013
صوبے میں مزید اضلاع بنانے کا فیصلہ، نئے اضلاع کی حدود سے متعلق وزیر بلدیات کی بریفنگ، انتظامی بنیاد پر نئے اضلاع بنانے پر تبادلہ خیال  فوٹو: فائل

صوبے میں مزید اضلاع بنانے کا فیصلہ، نئے اضلاع کی حدود سے متعلق وزیر بلدیات کی بریفنگ، انتظامی بنیاد پر نئے اضلاع بنانے پر تبادلہ خیال فوٹو: فائل

کراچی:  سندھ حکومت نے صوبے میں مزید اضلاع بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے اس ضمن میں متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں جبکہ توقع کی جا رہی ہے کہ کراچی اور ٹھٹھہ میں ایک ایک نیا ضلع بنایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ اور پیپلز پارٹی سندھ کے صدر سید قائم علی شاہ کی زیرصدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں صوبائی وزرا ، پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں انتظامی طور پر اضلاع بنانے کے معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر قانون ڈاکٹر سکندر میندھرو نے قوانین جبکہ وزیر بلدیات سید اویس مظفر نے نئے اضلاع کی حدود سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جبکہ وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن اور دیگر وزرا و رہنماؤں نے بھی نئے اضلاع کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

بعدازاں صوبے میں پہلے مرحلے میں 2 نئے اضلاع کراچی اور ٹھٹھہ میں قائم کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ دیگر اضلاع میں بھی انتظامی بنیادوں پر نئے اضلاع بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر بلدیات اویس مظفر نے کہا کہ ٹھٹھہ کے عوام کے دیرینہ مطالبے کو مد نظر رکھتے ہوئے دریا کے ایک طرف اور دوسری طرف علیحدہ اضلاع بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بلدیاتی نظام میں ترامیم کے حوالے سے وزیر بلدیات نے کہا کہ ہر اچھی ترمیم کی گنجائش ہر وقت رہتی ہے اور جب بھی ضرورت پڑے گی تو ترامیم کی جائیں گی۔ پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر اور سابق رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ کراچی میں ایک سے 2 نئے اضلاع بنائے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔