متحدہ کو دنیا کی بڑی طاقتیں بھی ختم نہیں کرسکتیں، الطاف حسین

ایکسپریس ڈیسک  منگل 17 ستمبر 2013
گرفتار کارکنوں کو عدالت میں پیش کیا جائے، امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھاجائے، ٹیلی فونک خطاب فوٹو: فائل

گرفتار کارکنوں کو عدالت میں پیش کیا جائے، امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھاجائے، ٹیلی فونک خطاب فوٹو: فائل

لندن:  ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ امریکی و برطانوی ایجنٹ میرے خلاف پروپیگنڈا کررہے ہیں، ایم کیو ایم دن بدن مضبوط ہوتی جارہی ہے۔

کارکن ذہنی اور جسمانی طور پر ہر مشکل کیلیے تیار ہوجائیں۔ وہ رات گئے اپنی 60 ویں سالگرہ کے حوالے سے نائن زیرو اور مختلف شہروں میں کارکنوں کے اجتماعات سے ٹیلی فونک خطا ب کررہے تھے۔ الطاف حسین نے کہا کہ سازشی عناصر امریکی اخبار کی رپورٹ پر خوش ہورہے ہیں جب کہ ایم کیوایم پر اللہ کا فضل و کرم جاری ہے اور وہ دن بدن مضبوط ہوتی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کراچی آپریشن کے دوران گرفتار کیے جانے والے ایم کیو ایم کے کارکنوں کو عدالت میں پیش کیا جائے۔

انھوں نے حکام سے کہا کہ اگرگرفتار کارکنوں کو قتل کردیا گیا ہے تو بتایا جائے کہ ان کی لاشیں کہاں ہیں؟۔ ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ الطاف حسین نے کہا کہ برطانوی اور امریکی اخبارات میں میرے خلاف بے ہودہ تحریریں لکھی گئیں، دشمن ایم کیو ایم کو ختم کرنا چاہ رہا ہے میں نے یہاں تک سنا ہے کہ ایم کیو ایم کے دن گنے جاچکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کو دنیا کی بڑی طاقتیں بھی ختم نہیں کرسکتیں، اسے عوام نے ہی اب تک چلایا ہے اور آگے بھی چلاتے رہیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔