پاکستان وسط ایشیا سے ایک ہزار میگا واٹ بجلی درآمد کریگا، 4ملکی قرارداد پر دستخط

خبر ایجنسیاں  منگل 17 ستمبر 2013
دستخط خواجہ آصف،افغانستان،کرغزستان، تاجکستان کے وزرا نے کیے،1227 کلومیٹرطویل ٹرانسمیشن لائن بچھے گی، ٹیرف 5 روپے یونٹ تجویز۔ رائٹرز

دستخط خواجہ آصف،افغانستان،کرغزستان، تاجکستان کے وزرا نے کیے،1227 کلومیٹرطویل ٹرانسمیشن لائن بچھے گی، ٹیرف 5 روپے یونٹ تجویز۔ رائٹرز

اسلام آ باد:  پاکستان، افغانستان، کرغزستان اور تاجکستان نے 1300میگاواٹ بجلی درآمد کرنے کی قرارداد پر دستخط کردیے ہیں۔

قرارداد پر دستخط پیر کویہاں کاسا 1000منصوبہ سے متعلق 2 روزہ اجلاس کے پہلے روز کیے گئے۔ قرارداد پر وفاقی وزیرپانی و بجلی خواجہ آصف، افغانستان کے وزیر توانائی حاجی اسماعیل، جمہوریہ کرغزستان کے وزیر توانائی آرطببیوف جانووچ اور تاجکستان کے وزیر توانائی و صنعت گل شیر علی نے دستخط کیے۔ منصوبے کے تحت کرغزستان سے پاکستان تک 1227 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائے گی اور پاکستان اپنی سرحد کے اندر 20 کروڑ ڈالر کی لاگت سے ٹرانسمیشن لائن مکمل کرے گا۔ منصوبے کے لیے عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور دیگر مالیاتی ادارے مالی معاونت فراہم کریں گے۔

دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا کہ اس منصوبے سے ملک میں سستی توانائی حاصل ہوگی، یہ ایک اہم منصوبہ ہے اور چاروں ممالک اس پرعمل درآمد کے لیے پرعزم ہیں۔ توانائی کی کمی پاکستان کا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔