اینڈریواسٹروس نے پروفیشنل کرکٹ سے ناطہ توڑلیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 30 اگست 2012
لندن : انگلش ٹیسٹ کپتان اینڈریو اسٹروس کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے افسردہ  (فوٹو : ایکسپریس)

لندن : انگلش ٹیسٹ کپتان اینڈریو اسٹروس کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے افسردہ (فوٹو : ایکسپریس)

لندن: انگلش ٹیسٹ کپتان اینڈریو اسٹروس نے کرکٹ کو الوداع کہہ دیا، کھیل کی تمام اقسام سے فوری طور پر ناطہ توڑنے کا اعلان کردیا، ون ڈے قائد الیسٹر کک اب پانچ روزہ فارمیٹ میں بھی انگلینڈ کی باگ ڈور سنبھالیں گے۔ اسٹروس کا کہنا ہے کہ میرے فیصلے کے پیچھے کیون پیٹرسن تنازع کا کوئی کردار نہیں، مسلسل ناقص فارم سے دوچار رہنے کی وجہ سے مشکل فیصلہ کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے 35 سالہ ٹیسٹ کپتان اینڈریو اسٹروس نے جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں 2-0 سے شکست اور نمبر ون پوزیشن گنوانے کے بعد ہر قسم کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے، انھوں نے اپنا آخری ٹیسٹ لارڈز میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا جس میں انھوں نے اپنے کیریئر کے پانچ روزہ مقابلوں کی سنچری مکمل کی تھی، دلچسپ بات یہ ہے کہ 2004 میں انھوں نے مڈل سیکس کے اپنے اسی ہوم گرائونڈ پر ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

اسٹروس نے 100 ٹیسٹ میچز میں 7037 رنز بنائے، جس میں 21 سنچریاں بھی شامل ہیں وہ صرف ایک سنچری کی کمی کے باعث قومی ریکارڈ برابر نہیں کرپائے، انھوں نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ گذشتہ برس ورلڈ کپ کے بعد لی تھی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اینڈریو اسٹروس نے کہا کہ گذشتہ چند ہفتوں کے دوران کافی سوچ بچار کے بعد میں نے ہرقسم کی پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا اگرچہ یہ میرے لیے بہت مشکل فیصلہ تھا مگر میں یہ سمجھتا ہوں کہ یہ انگلش کرکٹ اور خود میرے بھی بہترین مفاد میں ہے، ایک سوال پر اسٹروس نے واضح کیا کہ ان کے فیصلے کے پیچھے کیون پیٹرسن تنازع کارفرما نہیں ہے، انھوںنے کہا کہ میں نے پیٹرسن کا معاملہ سامنے آنے سے بہت پہلے ہی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کوچ اینڈی فلاور سے بات کی تھی۔ اسٹروس کی جگہ اب ٹیسٹ کپتانی بھی 27 سالہ الیسٹرکک کو سونپ دی گئی ہے جوکہ پہلے ہی ون ڈے ٹیم کے کپتان ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔