نیب کا مصطفی کمال کو نازیبا گفتگو پر قانونی نوٹس بھیجنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  منگل 30 جولائی 2019
مصطفی کمال کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں زیر سماعت ہے، فوٹو: فائل

مصطفی کمال کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں زیر سماعت ہے، فوٹو: فائل

 لاہور: نیب نے پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال کو نازیبا گفتگو پر قانونی نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مصطفی کمال کے خلاف ریفرنس کراچی کی احتساب عدالت میں زیر سماعت ہے، 30 کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ ہونے کے باوجود کراچی کے مسائل جوں کے توں ہیں، انیب اور افسران کے لئے غلیظ زبان استعمال کرنا ادارے کی ساکھ مجروح کرنے کی کوشش ہے، افسران کے بارے میں گفتگو پر معافی مانگیں ورنہ عدالت سے رجوع کریں گے۔

واضح رہے کہ 4 روز قبل سندھ ہائی کورٹ میں نیب ریفرنس پر ضمانت قبل از گرفتاری  منظور ہونے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے نیب کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر الزام لگایا گیا ہے کہ میں نے غیر قانونی طور پر ایک زمین الاٹ کردی جبکہ میرے پاس الاٹ منٹ کا اختیار ہی نہیں تھا اور نہ میں نے کوئی الاٹمنٹ کی ہے۔ وہ زمین 1982 میں الاٹ کی گئی تھی جبکہ میں 2005 میں آکر 2010 میں چلا گیا۔ میرے اوپر یہ جعلی مقدمہ بنا کر ڈی جی نیب نے خود نیب کی کارروائیوں پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔