لوکاراچی نے آئی سی سی کی آنکھوں میں دھول جھونک دی

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 18 ستمبر 2013
ایونٹ منتظمین نے معاملے پر آنکھیں بند کرلیں، کونسل کی بھی پراسرار خاموشی۔  فوٹو: فائل

ایونٹ منتظمین نے معاملے پر آنکھیں بند کرلیں، کونسل کی بھی پراسرار خاموشی۔ فوٹو: فائل

موہالی: سری لنکن کرکٹر کوشل لوکاراچی نے آئی سی سی کی آنکھوں میں دھول جھونکنا شروع کردی۔

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ فکسنگ کیس میں معطل ہونے کے باوجود چیمپئنز لیگ میں جلوہ گر ہوگئے، ایونٹ منتظمین نے بھی معاملے پر آنکھیں بند کرلیں، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی خاموشی نے بھی معاملے کو پراسرار بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے بی پی ایل فکسنگ کیس میں 9 افراد کو ملوث قرار دیا تھا، اگرچہ ان کے نام ظاہر نہیں کیے گئے مگر بعد میں تمام منظر عام پر آگئے، ان میں سری لنکن کوشل لوکا راچی اور انگلینڈ کے ڈیرن اسٹیونز بھی شامل تھے۔

کونسل کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے واضح طور پر کہا تھا کہ جب تک یہ افراد خود کو بے قصور ثابت نہیں کردیتے معطل رہیں گے، مگر حیران کن طور پر ان کے اس بیان کے اگلے روز وہ سری لنکا کے ڈومیسٹک ٹوئنٹی 20 میچ میں کھیلتے دکھائی دیے۔

انھوں نے 17 اگست کو کنڈورتا میرونز کی جانب سے بھی میچ کھیلا جس کے بعد انھیں چیمپئنز لیگ کے دستے میں شامل کیا گیا، گذشتہ روز وہ سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف میدان میں اترے۔ دوسری جانب ڈیرن اسٹیونز بھی آئی سی سی کے اعلان کے بعد 6 میچز کھیل چکے، ان میں کینٹ کی جانب سے تین فرسٹ کلاس مقابلے بھی شامل ہیں۔کونسل نے پہلے ہی واضح کردیا تھا کہ وہ اس معاملے پر اب کوئی بیان نہیں جاری کرے گی، اس سے کنفیوژن مزید بڑھ گئی، یہ معلوم نہیں کہ لوکاراچی اور اسٹیونز کی معطلی ختم کردی گئی یا وہ پابندی کی زد میں آئے ہی نہیں تھے، دوسری جانب بنگلہ دیش اس کیس میں ملوث اپنے کھلاڑیوں کو ہرقسم کی کرکٹ سرگرمیوں سے الگ کرچکا جس سے تمام معاملہ پراسرار ہوچکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔