سندھ میں آٹے کی قیمتیں بڑھانے کی تیاریاں کر لی گئیں

بزنس رپورٹر  بدھ 18 ستمبر 2013
ایکس مل ریٹ میں 1.25 روپے فی کلو اضافہ ناگزیر ہو چکا، فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ  فوٹو : اے ایف پی / فائل

ایکس مل ریٹ میں 1.25 روپے فی کلو اضافہ ناگزیر ہو چکا، فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ فوٹو : اے ایف پی / فائل

کراچی:  پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (سائوتھ زون) سندھ نے ایک حقائق نامہ جاری کرتے ہوئے حکومت اور عوام کو آگاہ کیا ہے کہ حال ہی میں بجلی کے ٹیرف میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے سندھ میں آٹا تیار کرنے کی لاگت بڑھ گئی ہے۔

فلورملزایسوسی ایشن کا موقف ہے کہ مقامی فلور ملوں کو ماہ اگست کے موصول ہونے والے بجلی کے بلوں کا اگر تقابلی جائزہ لیا جائے تو ان جاری کردہ بلزکے مطابق فلورملوں سمیت دیگر تمام شعبوںکی بجلی کا ماہانہ خرچ 80 فیصد سے تجاوز کر گیا ہے ۔

لہٰذا پاورٹیرف میں اس اضافے کے روزمرہ زندگی کے تمام شعبوں پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے حال ہی میں وزارت خوراک سے آٹے کا ایکس مل ریٹ 30.50 روپے فی کلوگرام طے کیا تھا لیکن افسوس اس امر پر ہے کہ فلورملز مالکان بجلی کے نرخوں میں ہونے والے ہوشربا اضافے کے تناظر میں مجبور ہوگئے ہیں کہ وہ طے شدہ قیمت کے مطابق صارفین کو آٹا فراہم کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، ان حقائق کے تناظر میں فلورملوں کے لیے اب ایکس مل ریٹ میں کم سے کم 1.25 روپے فی کلوگرام کا اضافہ ناگزیر ہو چکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔