وفاقی کابینہ نے روٹی مہنگی ہونے کا نوٹس، ایوان صدر کے انٹرٹینمنٹ بجٹ بحالی کی سمری مسترد

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 31 جولائی 2019
عمران ناصرایم ڈی پاسکو،ندا رضوان کو نیکا،عارف خان چیئرمین ٹریڈ اتھارٹی،عبدالجبار کوسربراہ متبادل توانائی بورڈ کی منظوری۔ فوٹو: فائل

عمران ناصرایم ڈی پاسکو،ندا رضوان کو نیکا،عارف خان چیئرمین ٹریڈ اتھارٹی،عبدالجبار کوسربراہ متبادل توانائی بورڈ کی منظوری۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  وفاقی کابینہ نے اجلاس میں وزیراعظم نے روٹی اور نان کی بڑھتی قیمتوں کاسخت نوٹس لیا اور ایوان صدر کا انٹرٹینمنٹ اینڈ گفٹ بجٹ بحال کرنے کی سمری مسترد کردی گئی۔

وفاقی کابینہ نے کراچی اور حیدرآباد میں حالیہ بارشوں سے ہونیوالی تباہی پر تشویش کا اظہار کیا ، اجلاس میں دادو میں سیپکو سپرنٹنڈنگ انجینئر سے بدسلوکی کا بھی نوٹس لیا گیا اور اس ضمن میں آئی جی سندھ کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کابینہ نے عمران ناصر کو ایم ڈی پاسکو،عارف احمد خان کو چیئرمین ٹریڈ ڈیولپمینٹ اتھارٹی،رانا عبدالجبار کو چیف ایگزیکٹو متبادل توانائی ترقیاتی بورڈ ،مس ندا رضوان کو ایم ڈی انرجی ایفیشینسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی (نیکا) تعینات کرنے کی منظوری دی، جیلوں میں غریب قیدیوں کی قانونی امداد اور جرمانوں کی ادائیگی کیلئے کمیٹی بنانے ، قومی شاہرات پر سفر کو زیادہ محفوظ بنانے کیلئے نیشنل روڈ سیفٹی کونسل کے قیام، کامسیٹس یونیورسٹی کے اندراج اور کوڈ آف کنڈیکٹ، ہوا بازی کے شعبہ سروسز اور ریگولیشن کو الگ کرنے، کابینہ نے قومی کمیشن برائے اطفال کے قیام کی منظوری دی۔

اجلاس میں قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کے چیئرمین اور ممبران، قومی کمیشن برائے حقوق اطفال اور چیئرمین نیشنل کمیشن آن سٹیٹس آف وویمن کی تعیناتی کیلئے مناسب امیدوار کے انتخاب کیلئے اشتہار دینے کی بھی منظوری دی گئی ۔کابینہ نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے قیام کی بھی منظوری دی ،کابینہ نے ماڈل کورٹس کے قیام پر چیف جسٹس کی کاوشوں کوسراہا۔

اجلاس میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات اور طیارہ حادثے کے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے جیلوں میں قید معذور افراد اور جرمانہ ادا نہ کر سکنے والے قیدیوں کو مفت قانونی معاونت فراہم کرنے کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے ۔کمیٹی جیل ریفارم ایجنڈے کیلئے سفارشات مرتب کرے گی۔

وزیراعظم کی ہدایت پر روٹی کی سابقہ قیمت بحال کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان مذہب کی آڑ میں ذاتی مفادات کی تکمیل کررہے ہیں۔ انکو عوام کی نہیں منسٹر انکلیو کی یاد ستا رہی ہے۔

ڈاکٹر فردوس نے عرفان صدیقی کے بارے میں کہا کہ وہ صحافی نہیں سیاستدان بھی ہیں۔ وزیراعظم نے ان کی رہائی میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ اجلاس میں عام شہریوں کی زندگی میں بہتری لانے کے معاملات بھی زیر بحث آئے، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام وزارتیں عام آدمی کو سہولیات کی فراہمی کیلئے تجاویز دیں ، وزیراعظم چاہتے ہیں کہ ہر اجلاس میں عوامی فلاح کے منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق بات ہو۔

ڈاکٹرفردوس نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے ایئرپورٹ کے اطراف رہائشی سوسائٹیاں بننے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ راولپنڈی ،اسلام آباد کی سوسائٹیوں کو تمام سہولیات کی فراہمی کے بعد این او سی جاری کیا جائیگا۔ کابینہ کو صحت انصاف کارڈ کی تقسیم میں اب تک کی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔

ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ کرپشن میں سزا یافتہ اور منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار سیاسی قیدی نہیں قوم کے مجرم ہیں، شہباز کا رانا ثناکیلئے فائیو سٹار سہولتوں کا مطالبہ دیگر قیدیوں سے مذاق ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ طالبان کے حوالے سے وفاقی کابینہ کے ایجنڈے میں بھی کوئی چیز شامل نہیں تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔