سیکیورٹی اداروں اور تاجروں کے اشتراک سے انسداد بھتہ سیل قائم

اسٹاف رپورٹر  بدھ 18 ستمبر 2013
بھتہ سیل میں تاجر شکایات فیکس کرسکیں گے، سیل سے متعلق بینرز آویزاں، سلطان خواجہ سیل کے نگراں مقرر، بھتے کے خاتمے تک آپریشن جاری رہیگا، بریگیڈیئر باسط   فوٹو: فائل

بھتہ سیل میں تاجر شکایات فیکس کرسکیں گے، سیل سے متعلق بینرز آویزاں، سلطان خواجہ سیل کے نگراں مقرر، بھتے کے خاتمے تک آپریشن جاری رہیگا، بریگیڈیئر باسط فوٹو: فائل

کراچی: آل کراچی تاجر اتحاد نے سندھ رینجرز اور محکمہ پولیس کے اشتراک سے انسداد بھتہ کے لیے اپنے مرکزی دفتر میں بھتہ شکایتی سیل قائم کردیا اور انسداد بھتہ سیل کیلیے تاجر نمائندوں پر مشتمل 8 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

بھتہ سیل میں متاثرہ چھوٹے تاجر اپنی شکایات تحریری طور پر 02132627807 پر فیکس کرسکیں گے، قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے ماتحت قائم کیے گئے بھتہ شکایتی سینٹر سے باقاعدہ رابطہ اور معلومات کا تبادلہ کیا جاسکے گا،بھتہ سیل سے متعلق آگاہی کیلیے مارکیٹوں میں بینرز آویزاں کیے جارہے ہیں، علاقہ تھانہ بھتے کے خلاف شکایات کے اندراج اور کارروائی کی رپورٹ ایک ہفتے میں پیش کرنے کا پابند ہوگا، پولیس کو فراہم کردہ سم لوکیٹرز سے تاجروں کو بھی معلومات فراہم کی جائیں گی۔

ایس آئی یو میں قائم کیے گئے انسداد بھتہ سیل کو فعال بنایا جائے گا، رینجرز اور پولیس کے اعلیٰ افسران تاجر نمائندگان سے مسلسل رابطے میں رہیں گے، ڈی آئی جی سی آئی اے سلطان علی خواجہ انسداد بھتہ سیل کے نگران ہوں گے اور بھتہ شکایات کا ہفتہ وار جائزہ لیں گے،انسداد بھتہ سیل کے قیام کا باقاعدہ اعلان آج آل کراچی تاجر اتحاد کے دفتر آرام باغ میں تاجر نمائندوں، پولیس اور رینجرز کے حکام کے اجلاس میں کیا گیا، اس موقع پر بھتے سے متاثرہ شہر کے اہم تجارتی مراکز شیر شاہ کباڑی مارکیٹ، ماربل مارکیٹ، اولڈ سٹی ایریا کے نمائندوں نے بھتہ مافیا کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر گفتگو کی اور سرکاری اداروں کے حکام اور تاجر نمائندوں کے مابین ہم آہنگی کو اہم پیشرفت قرار دیا،رینجرز کے بریگیڈیئر محمد باسط نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ شہر سے بھتہ جرائم کے ناسور کے خاتمے تک آپریشن جاری رہیگا۔

قیام امن کے ذمے دار تمام اداروں کے مابین روابط اور تعاون کا نظام قائم ہوگیا ہے، حکومتی سطح پر قیامِ امن کیلیے پائی جانے والی فکر شہر کے مستقبل کیلیے خوش آئند ہے اس موقع پر عتیق میر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو یقین دلایا کہ قیامِ امن کیلیے تاجر برادری تعاون کرے گی، بھتہ مافیا سے نجات کیلیے تاجر برادری قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہے۔

اس موقع پر رینجرز کے لیفٹیننٹ کرنل الیاس خان نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جہاد کی طرز پر کارروائی ہوگی، جرائم پیشہ عناصر کو کہیں پناہ نہیں مل سکے گی، آپریشن کی اصل منزل شہر کا امن و امان ہے، ڈی آئی جی سلطان علی خواجہ نے کہا کہ اگلے مرحلے میں بھتے سے متاثر علاقوں کے تھانہ انچارجز کا اجلاس بلاکر انھیں تاجر نمائندوں کے ماتحت بھتہ شکایات کے ازالے کیلیے پابند کیا جائے گا، اجلاس میں تاجر نمائندگان اکرم رانا، زبیر علی خان، احمد شمسی اور دیگر نے شرکت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔