دہشت گردوں کیخلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا، قائم علی شاہ

اسٹاف رپورٹر  بدھ 18 ستمبر 2013
سندھ حکومت آئین کے تحت عوام کے حقوق کا تحفظ کرے گی اور کراچی کو امن و آشتی کا گہوارہ بنائے گی، قائم علی شاہ  فوٹو:فائل

سندھ حکومت آئین کے تحت عوام کے حقوق کا تحفظ کرے گی اور کراچی کو امن و آشتی کا گہوارہ بنائے گی، قائم علی شاہ فوٹو:فائل

کراچی:  وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت بغیر کسی سیاسی امتیاز کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھے گی۔

کراچی میں تمام سیاسی جماعتوں کی باہمی رضا مندی سے وفاقی کابینہ میں ہونے والے فیصلوں پر ان کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کیا جا رہا ہے ۔ یہ بات انھوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈرعرفان اللہ مروت کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے منگل کو ان سے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کی ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت آئین کے تحت عوام کے حقوق کا تحفظ کرے گی اور کراچی کو امن و آشتی کا گہوارہ بنائے گی ۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ ہائوس میں بوہری کمیونٹی کی شرکت کے ساتھ کراچی شہر کی صفائی کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ کراچی شہر کو زیادہ سے زیادہ صاف ستھرا اور اسے دنیا کا خوبصورت شہر بنانے کے لئے جامع پالیسی وضع کی جارہی ہیں ۔

صوبائی وزیربلدیات و صحت سید اویس مظفر ، سینیٹر محمد سلیم مانڈی والا، سیکریٹری بلدیات علی احمد لوند ، ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی ثاقب سومرو ، محمد کمیل یونس ، حسین کمیل اور بوہری برادری کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بوہری کمیونٹی کی پیشکش کو خوش آمدید کہا جس میں انھوں نے حکومت کی جانب سے کراچی میں صفائی مہم کے حوالے سے شہر کے مخصوص علاقوں کی صفائی کی ذمے داری لینے کی بات کی ہے۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات و صحت سید اویس مظفر نے کہا کہ وہ شہر میں پہلے ہی صفائی مہم کا آغاز کر چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں ٹریکٹرز ، ڈمپرز ، ایکسیویٹر جو کہ کافی عرصے سے بیکار اور ناکارہ پڑے ہوئے تھے ان کی مرمت کرکے انہیں صفائی کے کام میں میں استعمال کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں دو علیحدہ مرحلوں میں 24 ایمبولینس اور 36 فیومیگیشن گاڑیاں کے ایم سے کے حوالے کی ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ 80 بسوں کو بھی مرمت کرکے شہریوں کی سہولت کی خاطر سڑکوں پر لایا جا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔