براہ راست مذاکرات میں طالبان دلچسپی ظاہرنہیں کررہے، امریکا

اے ایف پی / اے پی پی  بدھ 18 ستمبر 2013
پاک بھارت بہتر تعلقات خطے میں استحکام کی کنجی ہیں،ایٹمی تصادم تباہ کن ہوگا، جیمز ڈوبنز  فوٹو: فائل

پاک بھارت بہتر تعلقات خطے میں استحکام کی کنجی ہیں،ایٹمی تصادم تباہ کن ہوگا، جیمز ڈوبنز فوٹو: فائل

واشنگٹن: افغانستان اور پاکستان کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے جیمز ڈوبنز نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں بہتری جنوبی ایشیاء کے استحکام کی کنجی ہے اور امریکہ اس مقصد کی جانب کسی بھی پہل کی حمایت کرے گا۔

امریکہ اب بھی افغان امن معاہدے کیلئے طالبان سے براہ راست مذاکرات کیلئے پرامید ہے تاہم طالبان اس میں دلچسپی ظاہرنہیں کر رہے۔ انہوں نے واشنگٹن میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک ایسے مذاکرات کو شروع ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں جس میں نہ صرف امریکہ اور طالبان براہ راست شریک ہوں بلکہ افغانستان کی حکومت یا افغان اعلیٰ امن کونسل کو بھی اس میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے امید کا دامن نہیں چھوڑا، ہمیں اب بھی امید ہے کسی موڑ پر مثبت پیشرفت ہو گی لیکن ہم یہ پیشگوئی نہیں کر سکتے کہ ایسا کب ہوگا؟

انہوں نے کہا کہ اس وقت طالبان عملی طور پر امریکہ، افغانستان یا کسی بھی شخص سے مذاکرات کرنے میں رضامند دکھائی نہیں دیتے۔ اے پی پی کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہم پاک بھارت تعلقات میں بہتری کیلئے کسی بھی قسم کے اقدامات کی حمایت کریں گے، ہمارے خیال میں یہ دونوں ممالک کیلئے بہت اہم ہے یہ خطے کے وسیع تر استحکام  اور یہ دنیا کیلئے اہم ہے، دونوں ممالک جوہری اسلحہ سے مسلح ایٹمی طاقت ہیں اور ان دونوں کے درمیان تصادم نہ صرف ان کیلئے بلکہ ہر ایک کیلئے تباہ کن ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔