گائے کو پچکارنے اور پیار کرنے کا معاوضہ: 12 ہزار روپے فی گھنٹہ!

ویب ڈیسک  جمعرات 1 اگست 2019
گائے کو پیار کرنا آپ کے ذہن پر اچھے اثرات مرتب کرتا ہے۔ (فوٹو: ماؤنٹین ہاؤس فارم)

گائے کو پیار کرنا آپ کے ذہن پر اچھے اثرات مرتب کرتا ہے۔ (فوٹو: ماؤنٹین ہاؤس فارم)

نیویارک: فارسی محاورہ ہے کہ غم ندارِد، بُز بخر، یعنی غم نہ ہو تو بکری پال لو۔ مگر اب یورپ اور امریکا میں گائے کو چمکارنے، پچکارنے اور پیار کرکے اپنے غم دور کرنے کا ایک نیا اور دلچسپ رجحان پروان چڑھ رہا ہے جس کا بھاری معاوضہ بھی وصول کیا جارہا ہے۔

نیویارک کے نواح میں 33 ایکڑ رقبے پر پھیلے ہوئے ’’ماؤنٹین ہاؤس فارم‘‘ نے حال ہی میں ہالینڈ سے دو خوبصورت اور صحت مند گائیں منگوائی ہیں جنہیں پیار کرکے ذہنی سکون حاصل کرنے کا معاوضہ ’’صرف‘‘ 75 ڈالر (12 ہزار روپے) فی گھنٹہ مقرر کیا گیا ہے۔

دلچسپی کی بات تو یہ ہے کہ اس فارم کے سرسبز ماحول سے لطف اندوز ہونے کےلیے آنے والوں کی بڑی تعداد یہ رقم خوشی خوشی ادا بھی کرتی ہے تاکہ گائے کے ساتھ کچھ وقت گزار کر سکون حاصل کرسکے۔

یہ فارم گزشتہ نو سال سے گھوڑوں کو پیار کرنے کی ’’سکون آور خدمات‘‘ معاوضے پر فراہم کررہا ہے جنہیں گائے کے اضافے سے وسعت دی گئی ہے۔ یورپ میں ذہنی سکون حاصل کرنے کےلیے گائے کو چمکارنے، پچکارنے اور پیار کرنے کا منافع بخش کاروبار خاصا پرانا ہے اور اب یہ امریکا میں بھی تیزی سے مقبول ہورہا ہے۔

اس مقصد کےلیے گائے، گھوڑوں اور دوسرے پالتو جانوروں کو خصوصی تربیت دی جاتی ہے تاکہ وہ اجنبی انسانوں کے ساتھ بھی دوستانہ برتاؤ کرسکیں اور انہیں سکون پہنچا سکیں۔

واضح رہے کہ پچھلی دو دہائیوں میں کچھ طبّی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ جانور پالنے اور جانوروں کو پیار کرنے کے مثبت نفسیاتی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور ذہنی امراض سے بچا بھی جاسکتا ہے۔ البتہ ابھی اس بارے میں بڑے پیمانے پر تحقیق ہونا باقی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔