ندیم ہاشمی کی رہائی سے ہم پر لگے جانبداری اوریکطرفہ کارروائی کے الزامات دھل گئے، شرجیل میمن

آئی این پی  بدھ 18 ستمبر 2013
کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن جرائم کے خاتمے تک جاری رہے گا، شرجیل میمن۔ فوٹو : فائل

کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن جرائم کے خاتمے تک جاری رہے گا، شرجیل میمن۔ فوٹو : فائل

کراچی: سندھ کے وزیراطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ  ندیم ہاشمی کی رہائی سے ہم پر لگے جانب داری اور یک طرفہ کارروائی کے الزامات دھل گئے ہیں اور کسی بھی سیاسی کارکن کی گرفتاری پر کوئی بھی جماعت ہڑتال کی کال نہ دے۔

سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ ملک اور صوبہ ہم سب کا ہے  اور ہمیں مل کر ہی سندھ اور پاکستان کو بچانا ہے، کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے  اور شہرسے جرائم کے خاتمے تک یہ آپریشن معلومات کی بنا پر جاری رہے گا، تمام سیاسی جماعتیں  سندھ حکومت کے ساتھ تعاون اور اعتماد کا مظاہرہ کریں سب سیاسی جماعتوں کو حوصلے ہمت اور ملک کی خاطر اقدامات کرتے ہوئے عملی کام کرنے چاہیئں، اگر کسی سیاسی جماعت کا کارکن گرفتار ہوتو وہ سیاسی جماعت ہڑتال کی کال نہ دے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کل مجھے بھی گرفتار کیا جاتا ہے تو پیپلزپارٹی بھی ہڑتال کی کال نہ دے کیونکہ ہڑتالوں  سے امن وامان کی صورتحال پر منفی اثرات پڑتے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں  کو فری ہینڈ دے رکھا ہے، معلومات کی روشنی میں مخصوص مقامات پر ہی ٹارگٹڈ آپریشن کئے جاتے ہیں۔ اگر کسی نے معلومات کی بنا پر ان کے دفتر یا گھر پر چھاپہ مارا تو وہ اس بات کا برا ماننے کے بجائے اسے خوش آمدید کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ندیم ہاشمی کی رہائی سے ہم پر لگے جانب داری اور یک طرفہ کارروائی کے الزامات دھل گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔