بلوچستان عوامی پارٹی کی خیبرپختونخوا اسمبلی میں دھماکے دار انٹری

اسٹاف رپورٹر / ویب ڈیسک  ہفتہ 3 اگست 2019
خیبر پختونخوااسمبلی میں اب پی ٹی آئی کی اتحادی جماعتوں کی تعداد 2 ہوگئی (فوٹو: فائل)

خیبر پختونخوااسمبلی میں اب پی ٹی آئی کی اتحادی جماعتوں کی تعداد 2 ہوگئی (فوٹو: فائل)

پشاور: قبائلی اضلاع سے منتخب 3 آزاد ارکان کی بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت سے خیبرپختونخوا اسمبلی میں پارلیمانی پارٹیوں کی تعداد بڑھ کر 7 ہوگئی ہے جب کہ جماعت اسلامی کی جانب سے الگ پارلیمانی پارٹی تشکیل دینے کی صورت میں پارلیمانی پارٹیوں کی تعداد بڑھ کر 8 ہوجائے گی۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں نئی پارٹی باپ دھماکے دار انداز میں وارد ہوئی ہے جس نے پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعت ہونے کے باوجود پی ٹی آئی کے حصے میں آنے والی خواتین کی ایک مخصوص نشست بھی اچک لی ہے جو بصورت دیگر پی ٹی آئی کو ملتی تاہم اب خواتین کی 4 میں سے 2 نشستیں پی ٹی آئی جب کہ جے یوآئی اور بلوچستان عوامی پارٹی کو ایک، ایک نشست ملے گی۔

خیبر پختونخوااسمبلی میں اب پی ٹی آئی کی اتحادی جماعتوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے جن میں باپ کے علاوہ مسلم لیگ (ق) شامل ہیں جبکہ دوسری جانب اپوزیشن میں ایم ایم اے، اے این پی، مسلم لیگ (ن) اورپیپلزپارٹی شامل ہیں جن میں جماعت اسلامی کے اضافے سے اپوزیشن جماعتوں کی تعداد بھی بڑھ کر 5 ہوجائے گی۔

واضح رہے کہ قبائلی اضلاع سےمنتخب 3 آزاد امیدوار بلاول آفریدی، شفیق آفریدی اور عباس الرحمان مومند حکومتی اتحادی پارٹی بلوچستان عوامی پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔