اداکار ببو برال کی بیٹی کا  شوہر پر تشدد کا الزام

ویب ڈیسک  ہفتہ 3 اگست 2019
تشدد کے باعث مریم اپنا نومولود بیٹا بھی گنوا بیٹھی ہے، درخواست کا متن فوٹوانٹرنیٹ

تشدد کے باعث مریم اپنا نومولود بیٹا بھی گنوا بیٹھی ہے، درخواست کا متن فوٹوانٹرنیٹ

لاہور: اداکار ببوبرال کی بیٹی مریم برال نے اپنے شوہر ساقی خان کے خلاف مبینہ تشدد کے الزام میں مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست جمع کرادی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان کے نامور مزاحیہ اداکار مرحوم ببو برال کی 20 سالہ بیٹی مریم برال نے لاہور کے تھانہ اقبال ٹاؤن میں اپنے شوہر ساقی خان کے خلاف اندراج مقدمہ کے لئے درخواست جمع کروائی ہے۔ درخواست میں مریم نے اپنے شوہر پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ساقی خان ان پر تشدد کرتا ہے اور تشدد کے باعث وہ اپنا نومولود بیٹا بھی گنوا بیٹھی ہے۔ جب کہ تشدد کی وجہ سے ان کے چہرے اور بازو پر تشدد کے نشانات بھی آئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں درخواست موصول ہو گئی ہے جس پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ مریم اور ساقی خان کی شادی پچھلے سال مارچ کے مہینے میں ہوئی تھی۔ ساقی خان نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں کام کرتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔