بھارت کو شہری آبادی پراشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا، پاکستان

ویب ڈیسک  ہفتہ 3 اگست 2019
 بھارتی اشتعال انگیزی کسی صورت قابل برداشت نہیں، ترجمان دفتر خارجہ۔ فوٹو: فائل

بھارتی اشتعال انگیزی کسی صورت قابل برداشت نہیں، ترجمان دفتر خارجہ۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارت نے شہری آبادی پر کلسٹر بموں کا استعمال کیا جس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی پر کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارت نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا اور کلسٹر بموں کا استعمال کیا، بھارتی فوج کی جارحیت انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت ابھی تک 27 فروری بھولا نہیں ہوگا، اور اس نے معصوم شہریوں پرکلسٹرایمونیشن کا استعمال شروع کر دیا ہے، بھارتی اشتعال انگیزی کسی صورت قابل برداشت نہیں، بھارت کو اس کا مناسب اور بھر پور جواب دیا جائے گا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: بھارت کا شہری آبادی پر کلسٹر بموں سے حملہ

دوسری جانب وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کلسٹر ایمونیشن کا استعمال بین الاقوامی قوانین کے علاوہ  جنیوا کنونشن کی  بھی خلاف ورزی ہے،  اقوام متحدہ  کو بھارت کی سیز فائرمعاہدے کی خلاف ورزی سے متعلق خط لکھا ہے،  اقوام متحدہ  کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کی سیز فائر معاہدے کی تسلسل کے ساتھ خلاف ورزی اور مسئلہ کشمیر کوحل کرانے میں کردار ادا کرے۔

شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان سمیت پورے خطے  میں امن واستحکام کے لیے بھرپورتوجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور دنیا پاکستان کی مقبولیت اورامن و استحکام  کی پاکستانی کوششوں اور خواہش کو دیکھ رہی ہے، امریکی صدر بھی مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں لیکن بھارت اب بھی مذاکرات کے لیے تیار نہیں، مقبوضہ کشمیر کے حالات  بھارت کے ہاتھ  سے نکل چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔