مقبوضہ کشمیر؛ 2 نوجوان شہید، شوپیاں میں کرفیو جاری، علی گیلانی گرفتار

اے پی پی / آئی این پی  جمعرات 19 ستمبر 2013
حریت رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے، کارکن گرفتار، اسلام آباد ،کولگام، پلوامہ اور جنوبی کشمیر کے دیگر علاقوں میں احتجاجی مظاہرے۔   فوٹو: اے ایف پی/فائل

حریت رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے، کارکن گرفتار، اسلام آباد ،کولگام، پلوامہ اور جنوبی کشمیر کے دیگر علاقوں میں احتجاجی مظاہرے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

سرینگر: مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے بارہمولہ میں بھارتی فوجیوں نے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا جبکہ بے گناہ شہریوں کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلیے بارہویں روز بھی شوپیاں قصبے میں بارویں روز بھی کرفیو نافذ رہا۔

اقوام متحدہ کے فوجی مبصر دفتر کی طرف مارچ کی قیادت کرنے سے روکنے کیلیے بزرگ کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کو حریت رہنمائوں اور کارکنوں سمیت گرفتار کرلیا گیا جس پر کئی علاقے میں مظاہرے ہوئے۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ضلع بارہ مولہ کے علاقے پٹن میں گوشہ بگ کے مقام پر 2 کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔ بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ شہید ہونے والوں کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا جن میں ایک کی شناخت عاقب رشید صوفی کے طو رپر ہوئی ہے۔ شوپیاں میں مظاہرے روکنے کیلیے بارویں روز بھی کرفیو نافذ رہا۔

مسلسل کرفیو کی وجہ سے مقامی لوگوں خاص طورپر خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور علاقے میں دودھ ، ادویہ اور اجناس کی شدید قلت ہے۔ بھارتی پولیس نے حیدر پورہ میں واقع رہائش گاہ میں نظر بند سید علی گیلانی کو اقوام متحدہ کے فوجی مبصر دفتر کی طرف مارچ کی قیادت کرنے کرنے سے روکنے کیلیے کارکنوں سمیت گرفتار کر لیا اور انھیں ہم ہامہ پولیس اسٹیشن میں نظر بند کردیا ہے۔

بھارتی پولیس نے گزشتہ شب حریت رہنمائوں پیر سیف اللہ، ایاز محمد اکبر، ڈاکٹر غلام محمد گنائی اور دیگر کے گھروں میں چھاپے مارے۔ بڑی تعداد میں آزادی پسند کارکنوں کو بھی گرفتار کر لیے۔ اسلام آباد، کولگام، پلوامہ اور جنوبی کشمیر کے دیگر علاقوں سے احتجاجی مظاہروں کی اطلاعات ملی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔