ظفر بلوچ کا ماورائے عدالت قتل ہوا، چیف جسٹس نوٹس لیں، ناگوری

مانیٹرنگ ڈیسک  جمعرات 19 ستمبر 2013
کراچی میں جاری آپریشن منطقی انجام تک پہنچتا نظر نہیں آتا، علی محمد کی ’’کل تک‘‘ میں گفتگو.    فوٹو: فائل

کراچی میں جاری آپریشن منطقی انجام تک پہنچتا نظر نہیں آتا، علی محمد کی ’’کل تک‘‘ میں گفتگو. فوٹو: فائل

لاہور: پیپلز پارٹی کے رہنما جاوید ناگوری نے کہا ہے کہ ظفر بلوچ کی ہلاکت کی شدید مذمت کرتا ہوں یہ انتہائی افسوسناک ہے۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’’کل تک‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں پچھلے چند سال سے ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں بے حد اضافہ ہوگیا ہے کچھ سازشی عناصر ہیں جو شہرکا امن خراب کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ میں رینجرز کی کارکردگی پر انگلی نہیں اٹھانا چاہتا لیکن کچھ کالی بھیڑیں ایسی ہیں جو حالات کو خراب کرنے کے درپے ہیں۔ ظفر بلوچ کا قتل ماورائے عدالت قتل ہے، میں چیف جسٹس سے درخواست کرتا ہوں کہ ظفر بلوچ کے قتل کا نوٹس لیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا تنویر حسین نے کہا کہ کراچی میں جب آپریشن کا فیصلہ کیا گیا تو یہ طے کر لیا گیا تھا کہ آپریشن کو لیڈ کون کریگا جب اس قسم کے آپریشن ہوتے ہیں تو تمام پہلوؤں پر غور کیا جاتا ہے۔

ہمیں ایسی بات نہیں کرنی چاہئے کہ پلڈاٹ کا سروے ٹھیک نہیں ہے اگر سروے میں پی ٹی آئی کی تعریف کی جائے تو پھر ٹھیک ہے لیکن اگر کسی سروے میں ن لیگ کی تعریف ہوجائے تو سروے ٹھیک نہیں ہے۔ پانچ سال کا ملبہ صاف کرنے میں کچھ وقت تو لگے گا ابھی پچھلی حکومت کے اثرات قائم ہیں آجکل پچھلی حکومت جیسی منڈی اسلام آباد میں نہیں لگی ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنما عبدالرشید گوڈیل نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی طرف سے کراچی میں امن کے لئے اقدامات کو سراہتے ہیں ہم نے ندیم ہاشمی کی گرفتاری کے علاوہ اس آپریشن پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔

ایک ایس ایچ او نے بتایا کہ ہمیں اوپر سے حکم ملا ہے کہ جس علاقے میں قتل ہو وہاں پر ایم کیو ایم کے زونل ہیڈ کو پکڑ لو تو اس کو کیا سمجھا جائے۔ بیرونی دنیا اور ہمارے سرویز میں بہت فرق ہوتا ہے۔ کراچی ملک کو کما کردے رہا ہے۔ پچھلی حکومت میں ہم ساتھ تھے مگریہ ایک کڑوا گھونٹ تھا۔ پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان نے کہا کہ لگتا نہیں کہ کراچی میں جاری آپریشن منطقی انجام تک پہنچ پائیگا۔ رینجرز بھی سیاست کا شکارہو چکی ہے۔ سارے ملک میں لاء اینڈآرڈر کی حالت ٹھیک نہیں ہے پنجاب میں آئے روز زیادتیوں کے واقعات سامنے آرہے ہیں کراچی میں ہلاکتیں بڑھ رہی ہیں ایسے حالات میں ن لیگ پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔