کراچی کے حالات خراب کرنے میں حکمرانوں کا ہاتھ ہے، غنویٰ

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 19 ستمبر 2013
کراچی: غنویٰ بھٹو مرتضیٰ بھٹو کی59ویںسالگرہ کے موقع پر انکی جائے شہادت پر پھول نچھاور کر رہی ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: غنویٰ بھٹو مرتضیٰ بھٹو کی59ویںسالگرہ کے موقع پر انکی جائے شہادت پر پھول نچھاور کر رہی ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: پیپلز پارٹی (ش ب) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کامیاب نہیں ہوگا اس لیے کہ یہ آپریشن غریب علاقوں میں کیا جا رہا ہے جبکہ جرائم پیشہ افراد کی حمایت اور سپورٹ امیر علاقوں سے آتی ہے اورمیری نظر میں کراچی کے حالات خراب کرنے میں حکمران طبقات کا ہاتھ ہے۔

شہید مرتضیٰ بھٹوکے قتل میں ملوث افرادکو باری باری انعامات واعزازات سے نوازا جارہا ہے،لوئر کورٹس نے انصاف فراہم نہیں کیا اس لیے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کومرتضیٰ بھٹوکے پیروکاروں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کوشہید میرتضیٰ بھٹو کی جائے شہادت پر کارکنوں کی جانب سے عقیدت کے چراغ روشن کرنے اورگل پاشی میں شرکت کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

قبل ازیں غنویٰ بھٹو اور دیگر قائدین کے ہمراہ شہید میرمرتضیٰ بھٹو کی جائے شہادت واقع شاہراہ ایران نزد سترکلفٹن گئیں اورگل پاشی کی ۔ شہید مرتضیٰ بھٹو کے یوم ولادت کے موقع پر پیپلزاسٹوڈنٹس فیڈریشن (شہیدبھٹو) کے کارکنوں نے اپنے خون سے دیے روشن کیے اور سترکلفٹن تا شہید میرمرتضیٰ بھٹو کی جائے شہادت تک چراغاں کیا گیا ۔اس موقع پرسہیل سیٹھی،حاجی نذیر مدی اﷲ ورایو بھنبھرو، حبیب اﷲلاسی،ابراہیم جوکھیو، جاوید سومرو، شہزاد رند ، زاہد مانک اور روبینہ ایوب سمیت کارکنوں اور عہدیداروں کی بڑی تعدادموجود تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔