مالی عطیات کو سیاسی مقاصد کیلیے استعمال کرنے کے خلاف قانون تیار

وکیل راؤ  اتوار 4 اگست 2019
عطیات وخیرات دیگر مقاصد کے لئے استعمال کرنے پر جرمانہ وسزا ہوگی، فوٹو: فائل

عطیات وخیرات دیگر مقاصد کے لئے استعمال کرنے پر جرمانہ وسزا ہوگی، فوٹو: فائل

 کراچی: خیرات اور عطیات کے نام پر وصول کی گئی رقوم کو سیاسی اور کاروباری مقاصد کے لیے استعمال کرنے والوں کے خلاف حکومت سندھ نے قانون تیار کرلیا۔

عطیات وخیرات دیگر مقاصد کے لئے استعمال کرنے پر جرمانہ وسزا ہوگی، چیئرٹیز ایکٹ کے تحت صوبے میں کام کرنے والے تما م خیراتی اداروں اور پروموٹرز کی رجسٹریشن ہوگی، ایکٹ کے تحت سندھ چیئریٹی کمیشن قائم کیاجائےگا جب کہ  خیراتی اداروں کو عطیات جمع کرنے کے مقاصد اور عطیات دینے والوں کے ذرائع آمدن کا ریکارڈ رکھاجائےگا۔

خیراتی ادارے کو سرمایہ کاری کا ریکارڈ مرتب کرنا اور پیشگی منظوری لینا ہوگی چیئریٹیز ایکٹ کے مطابق حکومت سندھ نے خیراتی اداروں اور عطیات وچندے کی آڑ میں سیاسی ،ذاتی وکاروباری مقاصد کی روک تھام کے لیے سندھ چیئریٹیز ایکٹ کے نام سے مسودہ تیار کرلیا گیا ہے جس کی سندھ اسمبلی سے منظور ی لی جائےگی۔

مسودے کے تحت سندھ میں خیراتی اداروں ،عطیات وچندہ جمع کرنیوالے افراد اور پروموٹرز کو ریگولیٹ کیاجائےگا، دس ارکان پر مشتمل سندھ چیئریٹی کمیشن کی سربراہی سماجی بہبود کے وزیر کریں گے،  گریڈ بیس کے افسر کو ڈائریکٹرجنرل تعنیات کیا جائےگا، مجوزہ ایکٹ کے مطابق سندھ چیئریٹی کمیشن صوبے میں تمام خیراتی اداروں کو ریگولیٹ کرنے کے ساتھ انکے مالیاتی،انتظامی امور اور سرگرمیوں کی نگرانی کرے گا صوبہ سندھ میں کسی بھی فنڈریزنگ اور خرات وعطیات جمع کرنے کے لیے پیشگی اجازت لینا ہوگی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔