اچکزئی کی تقریر افسوسناک اور حقائق کے منافی ہے، فاروق ستار

ایکسپریس ڈیسک  جمعرات 19 ستمبر 2013
سینئر سیاستداں سے یہ توقع نہیں تھی کہ وہ تعصب کی بنیاد پر حقائق کو مسخ کرنیکی کوشش کرینگے۔ فوٹو: فائل

سینئر سیاستداں سے یہ توقع نہیں تھی کہ وہ تعصب کی بنیاد پر حقائق کو مسخ کرنیکی کوشش کرینگے۔ فوٹو: فائل

کراچی: قومی اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے قومی اسمبلی میں پختونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی تقریر کو انتہائی افسوسناک ، آداب کے منافی اور حقائق کے برخلاف قراردیا ہے ۔

ایک بیان میں ڈاکٹرفاروق ستار نے کہاکہ محمود خان اچکزئی ایک انتہائی سینئر سیاستداں اور پارلیمنٹرین ہیں اورہمیں ان سے یہ قطعی توقع نہیں تھی کہ وہ تعصب اور لسانی نفرت کی بنیاد پر تاریخی وزمینی حقائق کو مسخ کرنے کی طفلانہ کوشش کریں گے ۔

انھوں نے کہاکہ قیام پاکستان کے 65 برس بعد اس وطن کے قیام کیلیے لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی قربانیوں کو محض حادثہ قراردینا ان شہداء کی قربانیوں کے ساتھ ساتھ سرزمین پاکستان کی بھی توہین کے مترادف ہے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ جہاں تک 12، مئی کا تعلق ہے تو ایم کیوایم خود اس روز کے واقعات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کا متعدد بار مطالبہ کرچکی ہے اور ایک مرتبہ پھر اس مطالبے کو دہراتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔