افغان پولیس اہلکار نے اپنے ساتھیوں پر فائرنگ کر کے 7 کو قتل کردیا

ویب ڈیسک  پير 5 اگست 2019
فائرنگ کا واقعہ قندھار کے پولیس اسٹیشن میں پیش آیا۔ فوٹو : فائل

فائرنگ کا واقعہ قندھار کے پولیس اسٹیشن میں پیش آیا۔ فوٹو : فائل

قندھار: افغانستان میں طالبان سے ہمدردی رکھنے والے ایک پولیس اہلکار نے تھانے میں اپنے ہی ساتھی اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 7 اہلکار ہلاک ہو گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار میں ایک پولیس اہلکار نے تھانے میں اپنے ساتھی اہلکاروں پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگیا، فائرنگ کی زد میں آکر 7 پولیس اہلکار لقمہ اجل بن گئے۔ مفرور قاتل اہلکار کی تلاش جاری ہے۔

دوسری جانب مقامی طالبان ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فائرنگ کرنے والا پولیس اہلکار طالبان جنگجو تھا جسے اسی کام کے لیے پولیس میں بھرتی کروایا گیا تھا۔ طالبان نے ایسے مزید حملوں کی دھمکی بھی دی ہے۔

ادھر قندھار کے ضلع شاہ ولی کوٹ کے انتظامیہ کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آور پولیس اہلکار کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں اور ملزم کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ داخلی حملے کی تفتیش کی جا رہی ہے کہ کس طرح طالبان جنگجو پولیس میں بھرتی ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

یہ خبر پڑھیں : افغانستان میں سیکیورٹی اہلکار کی فائرنگ سے قندھار پولیس چیف ہلاک

واضح رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں قندھار پولیس کے چیف اور طالبان کے سخت جان مخالف جنرل عبدالرزاق کو گورنر کی سیکیورٹی پر مامور اہلکار نے فائرنگ کرکے اس وقت قتل کردیا تھا جب وہ گورنر ہاؤس میں ایک اہم میٹنگ کے بعد ہیلی پیڈ کی جانب جا رہے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔