سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے سے پہلے متبادل تلاش کرنا ضروری ہے، معین خان

ویب ڈیسک  پير 5 اگست 2019
مکی آرتھر کی شاداب خان کو کپتان بنانے کی تجویز سے اتفاق نہیں کرتا، سابق کپتان

مکی آرتھر کی شاداب خان کو کپتان بنانے کی تجویز سے اتفاق نہیں کرتا، سابق کپتان

کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان معین خان کا کہنا ہے کہ اس وقت سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانا درست نہیں ہوگا اور اس کو ہٹانے سے پہلے متبادل کو تلاش کرنا ضروری ہے۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق کپتان معین خان کا کہنا تھا کہ سرفراز کو کپتانی سے ہٹانے کی باتیں قبل از وقت ہیں پہلے یہ دیکھنا ہوگا کہ کوئی سرفراز کا متبادل ہے یا نہیں، مکی آرتھر کی شاداب خان کو کپتان بنانے کی تجویز سے اتفاق نہیں کرتا، مکی آرتھر نے سرفراز احمد کے ساتھ نائب کپتان کیوں نہیں بنایا۔

معین خان نے کہا کہ آج کل جو کچھ ہورہا ہے وہ کرکٹ کے ساتھ انصاف نہیں اور نہ کرکٹ بورڈ میں انصاف نہیں ہورہا ہے، میں نے ہمیشہ سب سے پہلے پاکستان کی بات کی ہے، پاکستان کیلئے خدمت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، قومی ٹیم کے ساتھ اگر دوبارہ موقع ملا تو ضروراپنی خدمات سر انجام دوں گا، ملک کے لیئے کسی بھی ذمہ داری پر کام کرنے کے لیئے تیار ہوں ۔

بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے متعلق معین خان نے کہا کہ کشمیریوں پر مظالم کی مذمت کرتا ہوں، کشمیریوں کے ساتھ بہت زیادتی ہورہی ہے، کشمیر کے حالات دیکھ کر دکھ ہوتا ہے، انسانیت کا قتل نہیں ہونا چاہیے، امن کیلیے بات ہونی چاہیے اور پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔