ڈالر کی قدر گرنے کے باوجود سونے کی قیمت کو پر لگ گئے

ویب ڈیسک  پير 5 اگست 2019
دس گرام سونا 471 روپے اضافے سے 72016 روپے کا ہوگیا۔  فوٹو: فائل

دس گرام سونا 471 روپے اضافے سے 72016 روپے کا ہوگیا۔ فوٹو: فائل

کراچی: مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 550 روپے اضافے کے ساتھ 84 ہزار روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی گئی، انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 51 پیسے کی کمی ہوئی اور کاروبار کے اختتام پر ڈالر 158 روپے 93 پیسے پر بند ہوا، اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 60 پیسے کم ہوئی اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 158 روپے 90 پیسے پر بند ہوا۔

ڈالر کی قدر گرنے کے باوجود ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت نے اونچی اڑان بھری اور سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 550 روپے اور 471 روپے کا اضافہ ہوگیا، جب  کہ عالمی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت کو پر لگ گئے اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 17 ڈالر کا اضافہ ہوا اور فی اونس سونا 1459 ڈالر پر پہنچ گیا۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت اضافے کے بعد 84 ہزار  روپے اور  دس گرام سونے کی  قیمت بڑھ کر72  ہزار 16 روپے ہوگئی۔  اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1110 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 951 روپے 64 پیسے پر مستحکم رہی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔