سوات میں 5 ہزار سے زائد ڈینگی کیسز رپورٹ ہونے پر ایمرجنسی نافذ

اے ایف پی  جمعرات 19 ستمبر 2013
خیبر پختونخوا میں 19 اگست سے لے کر اب تک ڈینگی کے مرض میں مبتلا ہو کر 17 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں سے 14 سوات میں جاں بحق ہوئے۔  فوٹو: فائل

خیبر پختونخوا میں 19 اگست سے لے کر اب تک ڈینگی کے مرض میں مبتلا ہو کر 17 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں سے 14 سوات میں جاں بحق ہوئے۔ فوٹو: فائل

سوات میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران 5 ہزار سے زائد ڈینگی کیسز رپورٹ ہونے پر انتظامیہ کی جانب سے ڈینگی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

پنجاب کے بعد خیبر پختونخوا میں ڈینگی نے وبائی شکل اختیار کرلی ہے، 19 اگست سے اب تک صوبے میں17 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سوات سے ہے جبکہ اس بیماری سے متاثرہ مریضوں میں روز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے، علاقے کے محکمہ صحت کے افسر عبدالخالق نے بتایا کہ ڈینگی کے مچھر علاقے میں ہر طرف پھیلے ہوئے ہیں جو لوگوں کے لئے انتہائی خطرناک ہے۔

سوات کے محکمہ صحت کے سینئر افسر شفیع اللہ خان نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کے لئے مختلف علاقوں میں مچھر مار اسپرے کئے گئے ہیں جب کہ محکمہ صحت کے اہلکار  گھر گھر جا کر ڈینگی کے مرض کے حوالے سے آگاہی اور احتیاطی تدابیر سے بھی لوگوں کو آگاہ کر رہے ہیں۔ سوات کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مچھروں کے انڈے لاہور سے پرانے ٹائرز کی کھیپ کے ذریعے سوات منتقل ہوئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔