بھارت کا پاکستان کو تنہا کرنے کا خواب ٹوٹ چکا ہے، گورنرپنجاب

ویب ڈیسک  منگل 6 اگست 2019
اوورسیز پاکستانی کمیشن کی خدمات بہتر ہوں گی تو لوگوں کا اعتماد بھی بحال ہوگا، گورنر پنجاب فوٹوفائل

اوورسیز پاکستانی کمیشن کی خدمات بہتر ہوں گی تو لوگوں کا اعتماد بھی بحال ہوگا، گورنر پنجاب فوٹوفائل

لاہور:  گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر کبھی خاموش نہیں ہو سکتے بھارت کا پاکستان کو تنہا کرنے کا خواب ٹوٹ چکا ہے۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اوورسیز پاکستانی کمیشن کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 6 ممبران یورپین پارلیمنٹ سے اب تک بات ہو چکی ہے۔ بھارت کا پاکستان کو تنہا کرنے کا خواب ٹوٹ چکا ہے۔ پاکستان کی کامیاب سفارتکاری سے کشمیر کا مسئلہ بھی حل کریں گے۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے امریکا میں وزیراعظم عمران خان کا شاندار استقبال کر کے ملک و قوم کا وقار مزید بلند کیا۔ اچھی خدمات سر انجام دینے والوں کو معاشرہ ہمیشہ یاد رکھتا ہے۔ ریسکیو 1122 کی بنیاد رکھتے وقت پرویز الہی سے کہا تھا کہ لوگ آپ کو یاد رکھیں گے۔ اب پاک اتھارٹی بنانے پر بھی لوگ وزیراعلی عثمان بزدار کو یاد رکھیں گے۔ اوورسیز پاکستانی کمیشن کی خدمات بہتر ہوں گی تو لوگوں کا اعتماد بھی بحال ہوگا۔

چوہدری سرور نے مزید کہا کہ پاکستان سے باہر مقیم پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ اوورسیز پاکستانی اپنے ملک سے محبت کرتے ہیں اب وقت ہے کہ ان کی سرمایہ کاری کو مکمل محفوظ بنایا جائے۔ اوورسیز پاکستانی کمیشن سے جڑے تمام افسران اور عہدے دار ان لوگوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔