لائنز ایریا میں بجلی کی طویل بندش کیخلاف مکین سڑکوں پر نکل آئے

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 20 ستمبر 2013
لائنز ایریا کے مکین بجلی اورپانی کی عدم فراہمی کے خلاف نیو پریڈی اسٹریٹ پراحتجاج کررہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

لائنز ایریا کے مکین بجلی اورپانی کی عدم فراہمی کے خلاف نیو پریڈی اسٹریٹ پراحتجاج کررہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی:  لائنز ایریا میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل بندش کے خلاف مکینوں نے نیو پریڈی اسٹریٹ پر پتھراؤ کر کے ٹریفک معطل کرا دیا اور سڑک پر ٹائر جلائے ۔

مظاہرین کی ہنگامہ آرائی باعث ٹریفک معطل ہو گیا ، تفصیلات کے مطابق لائنز ایریا میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل بندش کے خلاف علاقہ مکین سراپا احتجاج بن گئے ، بجلی کی آمد کے منتظر مکین تنگ آکر نیو پریڈی اسٹریٹ پر نکل آئے اور پارکنگ پلازہ کے سامنے گاڑیوں پر پتھراؤ کر کے ٹریفک معطل کرا دیا ، پتھراؤ کے باعث متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ راہگیر اور ٹھیلے والے پتھر لگنے سے زخمی ہو گئے ، مظاہرین نے ہنگامہ آرائی کے دوران ٹھیلے والوں کو بھگا دیا اور سڑک پر پرانے ٹائر ، فروٹ کی پیٹیاں اور کچرا رکھ کر آگ لگا دی۔

ہنگامہ آرائی کے باعث نیو پریڈی اسٹریٹ پر ٹریفک معطل ہو گیا ، مکینوں کا کہنا تھا کہ ایک تو دن میں3 مرتبہ ڈھائی گھنٹے تک اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے دوسری طرف رات کے کسی بھی پہر میں بجلی بند کر دی جاتی ہے اور صبح تک بجلی نہیں آتی اس طرح 24 گھنٹے کے دوران 20 گھنٹے علاقے میں بجلی غائب رہتی ہے جس سے لائنز ایریا اور جٹ لائن میں پانی کی بھی قلت ہو گئی ہے ، مظاہرے میں مردوں کے ساتھ خواتین اور بچے بھی شانہ بشانہ کھڑے احتجاج کر رہے تھے اور حسب روایت کے ای ایس سی انتظامیہ کے خلاف نعرے لگا رہے تھے بعد ازاں پولیس کی جانب سے علاقے کی جلد بجلی بحال کرانے کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔