پشاورمیں پیرانو مسجد پر دستی بموں سے حملہ، 3 افراد جاں بحق، 19 زخمی

ویب ڈیسک  جمعـء 20 ستمبر 2013
حملے کے فورا بعد سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے علاقے کا محاصرہ کر لیا. فوٹو؛ ایکسپریس

حملے کے فورا بعد سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے علاقے کا محاصرہ کر لیا. فوٹو؛ ایکسپریس

پشاور: اچینی بالا میں شر پسندوں کی جانب سے  مسجد پر دستی بموں سے حملے کیا گیا جس کے نتیجےمیں 3 افراد جاں بحق جب کہ 19 زخمی  ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور کے علاقے اچینی بالا میں پیرانو مسجد میں شدت پسندوں کی جانب سے دستی بموں سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جب کہ 19 زخمی ہو گئے، امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا تاہم متعدد زخمیوں کی حالت تشویشاک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے ایک شخص اور 3 زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلکس پشاور جب کہ 2 افراد کی لاشوں اور 16 زخمیوں کو خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت پیرانو مسجد میں تبلیغی جماعت موجود تھی اور حملے کے وقت مسجد میں محفل ذکرو نعت جاری تھی، حملے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے علاقے کا محاصرہ کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی جبکہ کسی بھی گروپ کی جانب سے فی الحال حملے کی ذمہ داری قبو ل نہیں کی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔