ملک میں ٹیلنٹ کی عدم دستیابی سے ظہیر عباس پریشان

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 20 ستمبر 2013
مصباح دفاعی انداز کے پلیئر ہیں، پاکستان کپتان کا متبادل تیار نہیں کرسکا، سابق اسٹار  فوٹو: فائل

مصباح دفاعی انداز کے پلیئر ہیں، پاکستان کپتان کا متبادل تیار نہیں کرسکا، سابق اسٹار فوٹو: فائل

لاہور:  ملک میں ٹیلنٹ کی عدم دستیابی نے سابق کپتان ظہیرعباس کو پریشان کر دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ مصباح الحق دفاعی انداز کے کرکٹر ہیں،ان کی قیادت میں اٹیکنگ کرکٹ کی توقع نہیں کی جاسکتی تاہم پاکستان کپتان کا کوئی متبادل بھی نہیں تیار کرسکا، ملک میں عالمی معیار کا ٹیلنٹ نظر نہیں آرہا، جب تک بنیادی مسائل پر توجہ نہ دی گئی معاملات یونہی چلتے رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سابق کپتان ظہیر عباس کا کہنا ہے کہ زمبابوے میں قومی ٹیم کا انداز ضرورت سے زیادہ دفاعی نظر آیا، مصباح الحق اسی انداز کے کرکٹر ہیں۔

ان کی قیادت میں اٹیکنگ کرکٹ کی توقع نہیں کی جاسکتی،کپتان کا جو مزاج ہوگا ٹیم بھی اسی انداز میں چلے گی تاہم افسوس کی بات یہ ہے کہ پاکستان کو ان کا متبادل دستیاب نہیں، نائب کپتان محمد حفیظ بھی رنز بنانے میں کامیاب نہیں ہورہے، اس دباؤ میں انھیں کیسے قیادت سونپ سکتے ہیں،کوئی آپشن ہی نظر نہیں آرہا۔

ملک میں عالمی معیار کا ٹیلنٹ نظر نہیں رہا، 1،2 پلیئرز کو چھوڑ کر کسی کی ٹیم میں مستقل جگہ نہیں بن سکی، سال یا 6 ماہ بعد ایک کو ڈراپ، دوسرے کو شامل کرنے سے ٹیمیں نہیں بنتیں، آزمائے چہروں کے ساتھ بار بار تجربات سے کوئی بہتری نہیں آئے گی۔ظہیر عباس نے کہا کہ بھارتی شہریوں کا رہن سہن اور خوراک ہم سے ملتی جلتی لیکن ان کی کرکٹ میں جان اور بیٹسمینوں کے اسٹروکس میں دلکشی نظر آتی ہے، جب تک بنیادی مسائل کے حل اور انفرا اسٹرکچر بہتر بنانے پر توجہ نہ دی گئی ہمارے معاملات یونہی چلتے رہیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔