سنگاپور: فٹبال میچ فکسنگ کے شک میں 14 افراد گرفتار

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 20 ستمبر 2013
2008 سے 2011 کے دوران 680 مشتبہ میچز کی نشاندہی کردی گئی، پولیس   فوٹو: فائل

2008 سے 2011 کے دوران 680 مشتبہ میچز کی نشاندہی کردی گئی، پولیس فوٹو: فائل

سنگاپور: سنگاپور میں پولیس نے فٹبال کے انٹرنیشنل مقابلوں میں میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کے شک میں 14 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

مقامی حکام کے مطابق حراست میں لیے جانے والوں میں 12 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں، انھیں یورپیئن اور سنگاپورین حکام کے مختلف چھاپوں کے دوران پکڑا گیا، پولیس کے مطابق گرفتار شدگان میں مبینہ طور پر اس جرم کا ’ماسٹر مائنڈ‘ سنگاپورین  بزنسمین ڈین ٹین بھی شامل ہے، البتہ پولیس نے اس کی تصدیق کرنے سے گریز کیا، اس معاملے کی تفتیش کرنے والے افسران کے مطابق انھوں نے 2008 سے 2011 کے دوران 680 مشتبہ میچزکی نشاندہی کردی، اس میں سے 380 یورپ میں کھیلے گئے، ان میں فٹبال ورلڈ کپ کوالیفائنگ اور یورپیئن چیمپئنز لیگ کے مقابلے بھی شامل ہیں۔

یورپیئن حکام کے مطابق سنگاپور سے تعلق رکھنے والے ایک جواری اور سٹہ باز گروہ نے ان میچزکیلیے کھلاڑیوں، ریفریز اور میچ سے متعلق دیگر حکام سے رابطے کیے، پولیس نے حراست میں لیے جانے والے افراد کی قومیتیں ظاہر نہیں کی ہیں،ان کے مطابق سرغنہ سمیت 5 افراد کو تفتیش کے لیے حراست میں رکھا گیا جبکہ بقیہ 9 کوضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔ سنگاپور پولیس کے مطابق ان تحقیقات میں انٹرپول اور یوروپول ایجنسیز بھی شریک ہیں۔ گرفتاریوں کے بعد ایک بیان میں انٹرپول کے سیکریٹری جنرل رونلڈ نوبیل نے کہا کہ سنگاپورین حکام نے عالمی میچ فکسنگ سنڈیکیٹ پر کریک ڈاؤن کے سلسلے میں مرکزی مشتبہ افراد اور مبینہ سرغنہ کو گرفتار کرکے اہم قدم اٹھایا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔